جاوید اقبال
مینڈھر // پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے حالیہ سرحدی کشیدگی کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کے لئے مینڈھر کا دورہ کیا۔ محبوبہ مفتی نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی، ان کے دکھ میں شریک ہوئیں اور نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ متاثرین کی ہر ممکن امداد کی جائے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کئے جائیں۔ اْن کا کہنا تھا کہ سرحدی علاقوں میں مزید بنکرز کی تعمیر ناگزیر ہے تاکہ لوگوں کی جان و مال کی حفاظت ممکن بنائی جا سکے۔دورے کے دوران محبوبہ مفتی نے ہرنی کا بھی رخ کیا، جہاں انہوں نے حال ہی میں انتقال کرنے والے ایم بی بی ایس طالبعلم ڈاکٹر فلک سعید کے گھر جا کر اہل خانہ سے تعزیت کی۔ انہوں نے نوجوان کی ناگہانی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے المیہ واقعات نوجوان نسل کے مستقبل کو متاثر کرتے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ سے طالبعلم کی موت کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا اور مرحوم کے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہیں۔اْن کے ہمراہ پارٹی کے سینئر لیڈران سابق ایم ایل سی ایڈوکیٹ محمد رشید قریشی، ضلع صدر شمیم بانڈے، زونل صدر خورشید احمد خان، ایڈوکیٹ ندیم احمد خان اور مصطفی صابر بھی موجود تھے۔