نیو یارک// اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ بھارت نے ریاست میں تعینات اقوام متحدہ فوجی مبصرین کے پاس پاکستان کے ہاتھوں جنگ بندی کی کسی تازہ خلاف ورزی کی کوئی شکایت درج نہیں کی ہے ۔ اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفین ڈیوجیرک نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ سیکریٹری جنرل اینٹونیو گوٹیریس بھارت اور پاکستان کے درمیان سرحدی تنائو سے پوری طرح واقف ہیں اور اس کی طرف توجہ بھی دے رہے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ عالمی ادارے کے سربراہ کسی بھی علاقے میں پیش آرہے حالات وواقعات سے آگاہ رہتے ہیں اور صورتحال کے بارے میں پل پل کی خبر رکھتے ہیں۔تاہم ترجمان نے گزشتہ روز پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر پیش آئے واقعہ کے بارے میں بتایا کہ اس حوالے سے بھارت نے سیز فائر کی خلاف ورزی کی کسی قسم کی کوئی شکایت نہیں کی ہے۔سٹیفین ڈیوجیرک کا اس ضمن میں کہنا تھا’’ہم نے اس بارے میں جموں کشمیر میں مقیم اقوام متحدہ فوجی مبصرین (یونائٹیڈ نیشنز ملٹری اوبزرور گروپ اِن انڈیا اینڈ پاکستانUNMOGIP)سے وابستہ اپنے ساتھیوں سے دریافت کیا ہے ، ہمیں کل (پونچھ میں)پیش آئے واقعہ کو لیکر بھارتی حکام کی طرف سے جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزی کی کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے‘‘۔ ترجمان نے اقوام متحدہ کا یہ موقف دہرایا کہ بھارت اور پاکستان کو تمام مسائل کا حل تلاش کرنے کیلئے پر امن بات چیت کا سلسلہ شروع کرنا چاہئے۔ ترجمان نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین صرف کنٹرول لائن کے اُس پار یعنی پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے بارے میں فکر مند رہتے ہیں کیونکہ بھارت کی طرف سے ان کی نقل وحرکت محدود رکھی گئی ہے۔اس حوالے سے انہوں نے کہا’’UNMOGIPغیر جانبدارانہ طور اپنی سرگرمیاں انجا م دیتا ہے ، ہمیں ان حالات و واقعات کا بخوبی علم ہے جن میں فوجی مبصرین اپنا کام کاج انجا م دیتے ہیں‘‘۔