سمت بھارگو
راجوری//راجوری ضلع کے لائن آف کنٹرول سے متصل ایک دیہات میں مقامی لوگوں نے عقیدت اور شکرانے کے جذبے کے تحت ایک خصوصی مذہبی اجتماع کا انعقاد کیا۔یہ اجتماع حالیہ پاکستانی گولہ باری کے بعد منعقد کیا گیا، جس میں 7 سے 10 مئی کے دوران گاؤں کو شدید گولہ باری کا سامنا کرنا پڑا۔ اس دوران کئی مکانات اور ڈھانچے متاثر ہوئے، لیکن معجزاتی طور پر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔مقامی افراد کا ماننا ہے کہ یہ سب قدیم شیو مندر کی برکت اور بھگوان کی کرپا سے ممکن ہوا۔ اسی شکرانے کے طور پر گاؤں والوں نے مندر میں سندرکانڈ پاٹھ اور یگ کا اہتمام کیا، تاکہ علاقے میں امن قائم رہے اور شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا جا سکے۔گاؤں کے باشندے جسونت راج شرما نے بتایا کہ ’ہم اس خدائی مداخلت کے شکرگزار ہیں جس نے ہماری جان بچائی۔ یہ مندر ہمارے لئے امید کی کرن ہے، اور ہم اس اجتماع کے ذریعے اپنی عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں‘‘۔گاؤں کے بزرگ رام کمار شرما نے کہاکہ ’’یہ اجتماع ہمارے گاؤں کے حوصلے اور عقیدے کی مثال ہے۔ ہم صرف اپنے گاؤں ہی نہیں، پورے خطے کے لئے امن اور خوشحالی کی دعا کرتے ہیں‘‘۔جسونت راج شرما نے مزید کہاکہ ’گولہ باری شدید تھی، لیکن مندر کی کرپا سے ہم سب محفوظ رہے۔ یہ تقریب ہم نے کمیونٹی میں امن و آہنگی کے فروغ کے لئے رکھی ہے‘‘۔