یو این آئی
جموں //جموں وکشمیر میں غیر مقامی لوگوں کو ووٹ ڈالنے کا حق دینے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے تناظر میںگپکار الائنس کی جانب سے جموں میں کل جماعتی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔اس میٹنگ میں بھاجپا اور اپنی پارٹی و پیپلز کانفرنس کے بغیر سبھی سیاسی جماعتوں نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران فیصلہ لیا گیا کہ ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو اس سارے معاملے پر نظر گزر رکھے گی۔ کل جماعتی اجلاس کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ہم اس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہاکہ جموں میں لگ بھگ سبھی سیاسی پارٹیوں کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس دوران غیر مقامی افراد کو ووٹ ڈالنے کا حق دینے کے مجوزہ فیصلے کی مذمت کی گئی۔انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔فاروق عبداللہ نے مزید بتایا کہ میٹنگ میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے لیڈران نے متفقہ طورپرفیصلہ لیا کہ اگر غیر مقامی افراد کو ووٹ ڈالنے کا حق دیا گیا تو اس کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی۔ میٹنگ کے بعد کانگریس کے سینئر لیڈر رمن بھلا نے کہاکہ جموں وکشمیر میں بھاجپا اپنی ساکھ کھو چکی ہے لہٰذا و ہ غیر مقامی افراد کو ووٹ ڈالنے کا حق دینے کے لئے پر تول رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران سبھی سیاسی پارٹیوں نے یک زبان ہو کر کہا کہ بھاجپا کے عزائم کو کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔سابق جموں وکشمیر ریاست کے وزیر چودھری لال سنگھ نے کہا کہ سبھی سیاسی پارٹیوں نے فیصلہ لیا کہ غیر مقامی افراد کو ووٹنگ کا حق دینے سے روکنا ہے۔