غلام محمد
سوپور// ایشیا کی سب سے بڑی میوہ منڈی سوپور فروٹ منڈی کے صدر اور دیگر اراکین نے کشمیر میں غیر معیاری کیڑے مار ادویات اور کھادوں کی بڑے پیمانے پر فروخت اور مارکیٹنگ پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور جموں و کشمیر انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں فوری اقدامات کریں۔ملک فیاض عرف کاکاجی، صدر فروٹ گروورس اینڈ ڈیلرس ایسوسی ایشن (ایف جی ڈی اے) فروٹ منڈی سوپور نے خریداروں اور فارورڈنگ ایجنٹس یونین کے صدر مدثر احمد بٹ کے علاوہ منڈی کے دیگر تاجروں کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا’’بازاروں کا معائنہ نہ کئے جانے کی وجہ سے غیر معیاری اور جعلی کیڑے مار ادویات اور کھادوں کی فروخت نے میوہ صنعت کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا ہے جو پہلے ہی معدومیت کے شکارہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ اس صورتحال نے کسانوں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں محکمہ زراعت نے شوپیاں، بارہمولہ اور کولگام سمیت کئی اضلاع میں جعلی کیڑے مار ادویات اور کھادوں کو ضبط کیا ہے۔