عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نائب وزیراعلیٰ سریندر کمار چودھری نے کل نیشنل انسٹی چیوٹ آف فیشن ٹیکنالوجی (این آئی ایف ٹی) بڈگام کیمپس کا تفصیلی دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں اِدارے کی تعلیمی سرگرمیوں، بنیادی ڈھانچے اور جاری ترقیاتی کاموں کا از خودجائزہ لیا۔ دورے کا آغاز ایک مختصر جائزہ میٹنگ سے ہوا جس میںنائب وزیرا علیٰ کو اِدارے کی تعلیمی پیش رفت، تدریسی طریقہ کار اور طلبأکی فلاح و بہبود سے متعلق اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ بعد میں نائب وزیر اعلیٰ نے ادارے کی جدید ترین لیبارٹریوں اور ورکشاپوں کا معائینہ کیا جواین آئی ایف ٹی کے عملی سیکھنے کے ماحولیاتی نظام کا بنیادی حصہ ہیں۔ اُنہوں نے گارمنٹ کنسٹرکشن لیب، ویونگ لیب، جیولری کم لیدر لیب اور فوٹوگرافی لیب کا باریک بینی سے معائینہ کیا۔ اُنہوں نے طلبأکو تخلیقی عمل میں مشغول پایا اور فیکلٹی کے ساتھ بات چیت کر کے تربیت کی تکنیکی باریکیوں اور اِنڈسٹری میں اس کی اِفادیت پر تبادلہ خیال کیا۔نائب وزیر اعلیٰ نے جامع ترقی اور ہنر کی اَپ گریڈیشن پر حکومت کی توجہ کو اُجاگر کرتے ہوئے این آئی ایف ٹی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ مقامی آئی ٹی آئی طلبأ اورہنرمند اَفراد کے لئے خصوصی ورکشاپوں اور تربیتی پروگرام شروع کرے۔بعد میں نائب وزیراعلیٰ نے کیمپس میں جاری انفراسٹرکچر اَپ گریڈیشن اور ترقیاتی کاموں کا بھی تفصیلی معائینہ کیا۔اُنہوں نے تعمیراتی ایجنسیوں کو سختی سے ہدایت دی کہ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور غیر معیاری تعمیراتی مواد کے اِستعمال پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔ اُنہوں نے مزید ہدایت دی کہ اِدارے کے احاطے میں فوری طور پر تمام ضروری مرمت کے کام انجام دئیے جائیں تاکہ سیکھنے اور اختراعات کے لئے ایک محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔