یو این آئی
سرینگر// جموں و کشمیر حکومت نے اہم سائبر سیکورٹی اقدام کے تحت تمام انتظامی محکموں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ فوری طور پر تمام غیر مجاز ویب سائٹس کو بند کریں جو نجی ڈومینز جیسے(.com) یا (.org) پر چل رہی ہیں۔ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ سرکیولر میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام سرکاری دفاتر صرف (.gov.in) یا (jk.gov.in) جیسے منظور شدہ ڈومینز پر مبنی ویب سائٹس ہی استعمال کریں گے ۔اس اقدام کا مقصد سرکاری ڈیٹا کو محفوظ بنانا، سائبر حملوں سے بچاؤ اور عوام کو مستند و بااعتماد معلومات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔ حکومت نے تمام محکموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی آن لائن موجودگی کو نیشنل انفارمیٹکس سنٹر (این آئی سی) کے ذریعے تصدیق شدہ ویب پورٹلز پر منتقل کریں۔علاوہ ازیں، تمام سرکاری افسران اور ملازمین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے صرف @jk.gov.in یا @gov.in ای میل آئی ڈیز استعمال کریں۔ نجی یا ذاتی ای میل آئی ڈیز کے ذریعے سرکاری مراسلت کو سیکورٹی خدشات کے تحت سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے ۔