عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر کے انسداد بدعنوانی بیورو (اے سی بی)نے ہفتہ کو کہا کہ اس نے ایک پولیس انسپکٹر کے خلاف مبینہ طور پر ان کی آمدنی کے معلوم ذرائع سے غیر متناسب اثاثے بنانے کا مقدمہ درج کیا ہے اور اسے پوچھ گچھ کے لئے تحویل میں لے لیا ہے۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی)، اے سی بی، جاوید حسن نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسپکٹر پیر زادہ مشکور احمد شاہ، جو ڈسٹرکٹ پولیس آفس(ڈی پی او)، بانڈی پورہ میں بطور کیشئر تعینات ہیں، کے خلاف الزامات کی تصدیق کی گئی ہے۔حسن نے کہا کہ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مشکور نے اپنے اور اپنے خاندان کے افراد کے ناموں پر متعدد منقولہ اور غیر منقولہ اثاثے حاصل کیے ہیں۔ ایس ایس پی نے کہا کہ ان میں بڈگام ضلع میں 32 کنال (1 کنال5445مربع فٹ) اور 6 مرلہ (1 مرلہ 272.251 مربع فٹ)اراضی شامل ہے، جس میں سے 17 کنال اور 14 مرلہ شولی پورہ وڈر میں ہے، اور اوم پورہ کالونی میںایک دو منزلہ عالیشان مکان ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملزم کے پاس 48 لاکھ روپے سے زائد کا بینک بیلنس اور مختلف قسم کی گاڑیاں ہیں۔حسن نے بتایا کہ ملزم نے اپنے بچوں کی تعلیم پر 40 لاکھ روپے خرچ کیے۔ اس نے غیر ملکی سفر اور انشورنس پریمیم پر بھی رقم خرچ کی۔ایس ایس پی نے کہا، “اس کے پرتعیش طرز زندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے، مشتبہ افسر کے پاس کچھ اور جائیدادیں بھی ہوسکتی ہیں،” ۔اے سی بی نے کہا کہ خفیہ تصدیق کے دوران یہ پتہ چلا کہ شاہ نے یکم جنوری 2012 سے 30 جون 2025 کے درمیان اپنی معلوم آمدنی کے ذرائع سے غیر متناسب اثاثے جمع کیے۔حسن نے کہا”مزید، بینک اکا ئونٹس کی چھان بین سے متعدد مشکوک ٹرانزیکشنز اور غیر واضح کیش فلو کا انکشاف ہوا۔ یہ بھی دیکھا گیا کہ مشتبہ شخص اور اس کے خاندان کے افراد مختلف بینکوں میں ایک سے زیادہ اکانٹس چلا رہے تھے۔ متعدد غیر منقولہ جائیدادیں ملی ہیں جو مشتبہ، اس کی بیوی اور بچوں کے ناموں پر حاصل کی گئی ہیں،” ۔انہوں نے کہا کہ اخراجات کے مقابلے میں آمدنی کے تخمینہ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ معلوم ذرائع سے مشتبہ شخص کی آمدنی اصل اخراجات/اثاثوں سے بہت کم ہے۔ ایس ایس پی نے کہا، ملزم سرکاری ملازم نے اپنے دفتر کی مدت کے دوران “بدعنوانی کے طریقوں میں ملوث ہو کر خود کو غیر قانونی طور پر مالا مال کیا”۔ افسر نے کہا کہ ملزم نے بدعنوانی کی روک تھام کے قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت قابل سزا جرم کا ارتکاب کیا ہے۔حسن نے کہا کہ اس معاملے میں ایک کیس درج کیا گیا ہے اور اے سی بی کی ٹیموں نے بڈگام میں ملزمین کی دو رہائشی جائیدادوں کی تلاشی لی۔انہوں نے کہا کہ شاہ کو کیس کے سلسلے میں پوچھ گچھ کے لیے پولیس کی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ایس ایس پی نے کہا کہ ملزم اور اس کے ساتھیوں کی طرف سے جمع کی گئی غیر قانونی دولت کی مکمل حد کا پتہ لگانے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔