محمد بشارت
کوٹرنکہ //راجوری کے پولیس تھانہ کنڈی کوٹرنکہ نے غیر قانونی کان کنی کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو گاڑیوں کو قبضے میں لے لیا، جو دریائے انس سے غیر قانونی طور پر معدنیات لے جا رہی تھیں۔پولیس کے مطابق، گاڑی نمبر JK12B 7657 (ڈمپر) جسے محمد زبیب ولد مسری خان، ساکن جگلانو چلا رہا تھا اور گاڑی نمبر JK11A 6087 (ٹیپر) جسے محمد صغیر ولد شمس دین، ساکن کنڈی چلا رہا تھا، کو غیر قانونی طور پر نکالی گئی معدنیات لے جاتے ہوئے روکا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں ان گاڑیوں کے پاس معدنیات کی قانونی نکاسی اور نقل و حمل کے لئے درکار کوئی مستند دستاویزات موجود نہیں تھیں، جس کے بعد پولیس نے انہیں موقع پر ہی ضبط کر لیا۔اس کارروائی کے بعد ضلع معدنیات افسر (DMO) راجوری کو مطلع کر دیا گیا ہے تاکہ وہ ضروری قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔ حکام کے مطابق، ضبط شدہ گاڑیوں کے مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور اگر ان کے خلاف غیر قانونی کان کنی میں ملوث ہونے کے ثبوت ملے تو انہیں بھی شاملِ تفتیش کیا جائے گا۔غیر قانونی کان کنی نہ صرف ماحولیاتی نقصان کا سبب بنتی ہے بلکہ دریاؤں اور قدرتی وسائل کو بھی شدید نقصان پہنچاتی ہے۔ دریائے انس جیسے اہم آبی ذرائع میں ہونے والی غیر قانونی کان کنی سے نہ صرف پانی کی سطح میں کمی واقع ہو سکتی ہے بلکہ علاقے میں زمین کے کٹاؤ، زرعی زمینوں کے نقصان اور مقامی ماحولیاتی توازن پر بھی تباہ کن اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق، ضلع راجوری میں غیر قانونی کان کنی کے خلاف مزید سخت اقدامات کئے جائیں گے۔ عوامی حلقوں نے بھی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایسے اقدامات مسلسل کیے جائیں تو غیر قانونی کان کنی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔