محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ پولیس نے غیر قانونی کان کنی اور معدنی مواد کی غیر قانونی نقل و حمل کے خلاف ایک بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے مختلف علاقوں سے 11 گاڑیاں ضبط کی ہیں۔ پولیس کے مطابق ضبط شدہ گاڑیوں میں 4 ڈمپر اور 7 ٹریکٹر ٹرالیاں شامل ہیں جو بغیر کسی قانونی اجازت نامے یا مطلوبہ دستاویزات کے معدنی مواد لے جا رہی تھیں۔یہ کارروائی سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پونچھ، شفقت حسین کی نگرانی میں چلائی گئی ایک خصوصی مہم کے دوران عمل میں لائی گئی۔ اس مہم کا مقصد ضلع بھر میں غیر قانونی کان کنی کی سرگرمیوں پر مؤثر روک لگانا اور قدرتی وسائل کے غیر قانونی استعمال کو ختم کرنا ہے۔ضلع کے مختلف پولیس اسٹیشنوں کی ٹیموں نے اہم شاہراہوں اور حساس مقامات پر اچانک ناکے لگا کر گاڑیوں کی چیکنگ کی۔ پولیس اسٹیشن پونچھ کی ٹیم نے تین ڈمپر اور سات ٹریکٹر ٹرالیاں ضبط کیں، جبکہ پولیس اسٹیشن گرسائی نے ایک ڈمپر کو غیر قانونی سرگرمی میں ملوث پایا۔ تمام گاڑیاں فوری طور پر پولیس کی تحویل میں لے لی گئی ہیں اور متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق، اس کارروائی کے بعد محکمہ مائننگ کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے تاکہ ضابطے کے مطابق مزید قانونی کارروائی کی جا سکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جو قدرتی وسائل کی لوٹ مار میں ملوث ہیں اور قانون کو چیلنج کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔پولیس ذرائع نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ضلع پونچھ میں غیر قانونی کان کنی کے خاتمے کے لئے سخت اقدامات جاری رہیں گے۔ ایس ایس پی پونچھ شفقت حسین نے کہا کہ ’قدرتی وسائل قوم کی امانت ہیں، اور ان کا غیر قانونی استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایسے عناصر کے خلاف کارروائی بلا تفریق کی جائے گی‘۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں ہونے والی کسی بھی مشکوک یا غیر قانونی کان کنی کی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔پونچھ پولیس کی اس کارروائی کو عوامی حلقوں میں سراہا جا رہا ہے، اور لوگوں نے امید ظاہر کی ہے کہ انتظامیہ ایسے اقدامات کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھے گی تاکہ ماحولیات اور قدرتی وسائل کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔