سرینگر// حج بیت اللہ پر جانے والے خواہشمند عازمین سے رقومات بٹوارنے والی ایک غیر قانونی ٹور اینڈ ٹریول ایجنسی کا پردہ فاش کرتے ہوئے ٹورسٹ پولیس نے 2افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ٹوازم انفورسمنٹ کے ایس ایس پی امر جیت سنگھ نے کہا کہ ٹورسٹ پولیس سٹیشن سرینگر کو ایک شکایت ملی کہ شہر میں ’Indo Sahab‘ نام سے حج و عمرہ ٹور اینڈ ٹریول ایجنسی غیر قانونی طور پر یہاں کام کررہی ہے ۔شکایت ملنے کے بعدتحقیقات کرانے کیلئے ایس ایچ او ٹورسٹ پولیس سٹیشن سرینگر کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی ۔تحقیقات کے دوران ٹیم کو پتہ چلا کہ مذکورہ ایجنسی کو مرکزی وزارت خارجہ کی طرف سے حج2017کیلئے کوئی کوٹا نہیں ملا ہے ۔ٹیم نے ایجنسی کی تحویل سے کچھ دستاویزات اور پاسپورٹ بھی برآمد کئے جبکہ 2افراد کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے 330,000روپے ضبط کئے گئے ۔ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا کہ نئی دلی کی Indo Sahab Travel Servicesنے وادی میں حج بیت اللہ کے خواہشمند افراد سے رقومات بٹورنے شروع کئے تھے تاہم ٹورسٹ پولیس نے بروقت کارروائی کرکے دائود احمد اور الہدا ٹراولز ممبئی کے مالک محمد صابر خواجہ کو گرفتار کرلیا اور ان کے خلاف زیر دفعات420,511 RPC 2/28-32, 36 (2) Tourist Trade Act RW section 2(g) TT Act کے تحت کیس دارج کیا گیا ۔اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہے اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے ۔ ایس ایس پی ٹوازم انفورسمنٹ ونگ نے لوگوں کو خبر دار کیا ہے کہ وہ ایسی حج اور عمرہ پر جانے کیلئے اس طرح کی غیر قانونی ٹور اینڈ ٹریول ایجنسیوں سے دور رہیں اوربکنگ سے پہلے ایجنسی کی جانچ کریں۔