عظمیٰ نیوزسروس
جموں//محکمہ کواپریٹوز جموں و کشمیر نے کنونشن سینٹر جموں میں 72ویں آل انڈیا کواپریٹو ویک کے ساتھ ساتھ انٹر نیشنل ائیر آف کواپریٹوز 2025کا بھی جشن منایا ۔ وزیر برائے کواپریٹوز ، زراعت ، دیہی ترقی اور پنچائتی راج مسٹر جاوید احمد ڈار اس موقع پر مہمان خصوصی تھے ۔ اس تقریب میں اہم شخصیات بشمول کمشنر سیکرٹری کواپریٹوز ، زراعت ، باغبانی اور نابارڈ کے محکموں کے سربراہان ، ممتاز شہری اور کواپریٹو سوسائٹیوں کے اراکین نے شرکت کی ۔ تقریب کا آغاز کواپریٹو پرچم کشائی اور دیلی اسکول بینڈ کی شاندار پرفارمنس سے ہوا ۔ اس کے بعد جاوید ڈار نے سینئر افسران کے ہمراہ فارمر پروڈیوسر آرگنائیزیشنز ( ایف پی اوز ) ، پرائمری ایگریکلچرل کریڈٹ سوسائیٹیز ( پی اے سی ایس ) ، ڈیری یونٹس اور خواتین سیلف ہیلپ گروپس کی طرف سے لگائی گئی نمائش کے سٹالز کا دورہ کیا اور مستفیدین سے ان کی مصنوعات ، اختراعات اور معاشی سرگرمیوں کے بارے میں براہ راست بات چیت کی ۔ تقریب کے دوران وزیر موصوف نے جموں و کشمیر میں کواپریٹو سیکٹر کو جدید بنانے اور مضبوط کرنے کیلئے کئی اہم اقدامات کا اٖتتاح کیا ۔ تقریب کے دوران محکمہ کی ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی جس میں جموں و کشمیر بھر میں کواپریٹو سوسائٹیوں کی کامیابی کی کہانیاں اور ان کے ارتقائی سفر کو پیش کیا گیا ۔ اپنے خطاب میں جاوید احمد ڈار نے جموں و کشمیر میں کواپریٹو شعبے میں جاری تبدیلی پر زور دیا ۔ انہوں نے انتظامیہ کے عزم کو دوبارہ دوہرایا کہ وہ ’’ سہکار سے سمردھی ‘‘ کے وژن پر پختہ ہیں اور کواپریٹو سوسائٹیوں کے دیہی روز گار میں معاونت کو فروغ دینے اور روز گار پیدا کرنے میں اہم کردار کو اجاگر کیا۔وزیر موصوف نے غیر فعال پرائمری ایگریکلچرل کریڈٹ سوسائٹیوں کو دوبارہ فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ وہ دیہی معیشت میں موثر کردار ادا کر سکیں ۔ پروگرام کے ابتدائی حصے میں کمشنر سیکرٹری کواپریٹو نے استقبالیہ خطبہ پیش کیا ۔