پونچھ// جموں کشمیر پیر پنچال عوامی پارٹی کے کارکنان کا ایک اجلاس پارٹی کے صدر دفتر میںمنعقد ہو، مقررین نے ریاست جموںوکشمیر ،بالخصوص وادی کشمیر کے حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پر الزام لگایا کہ وہ عوام کی جان ومال اور جائیداد کی حفاظت نہیں کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ہر روز لوگوں کے مکانات اور دیگر ڈھانچے جل رہے ہیں اور اس سلسلہ کو روکنے کے بجائے مخلوط سرکار کے بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈران اشتعال انگیز بیان دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں سُبرامنیم سوامی اور چندر پرکاش گنگا وزیر نے یکے بعد دیگر اپنے بیانات میں کہا کہـ کشمیریوں کو تامل ناڈو کے پناہ گزیں کیمپوں میں منتقل کیا جائے تاکہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کی جا سکے اور کشمیر کا حل صرف گولی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیر پنچال عوامی پارٹی کے تمام کارکنان نے ان بیانات کی کڑے الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات دماغی طور پربیمار یا مجنون ہی دے سکتے ہیں کیونکہ ذمہ وارا فرد ایسی بیان بازی نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت حکمرانوں کو کشمیریوں کے زخموںپر مرحم لگانا چاہئے اس کے بجائے ان کے زخموں پر نمک چھرکنے کا کام کیا جا رہا ہے۔ پارٹی سرپرست اعلیٰ ایڈوکیٹ راجہ محمد عباس خان نے کہا کہ ایسے بیانات مقدس ایوانوں میں بیٹھنے والوں کی تنگ نظری ،تعصب اور انکے ضمیر کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی بیان بازی کرنے والے افراد نے آئین ہند کی پاسداری کی قسم کھائی تھی لیکن وہ ملک کو تباہ کرنے کے لئے بیانات دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ انکے خلاف ملک کے قانون کے تحت کاروائی کرے تاکہ فرقہ ورایت کو تقویت نہ ملے۔ پارٹی صدر ایڈوکیٹ چوہدری محمد یونس چوہان نے مانگ کی کہ بھارت سرکار مسلئہ کشمیر کا معقول حل نکالنے کے لئے پاک حکمرانوں اور کشمیری عوام کے تمام مکتبہ فکر کے لیڈران کے ساتھ گفت و شنید کرے ۔ انہوں نے کہا کہ زہریلی گولی اور زہریلی بولی کسی بھی مسئلہ کا حل نہیں بلکہ ریاست کی عوام کی بربادی کے اسباب اور جلتی ہوئی آگ پر تیل ڈالنے کے مترادف ہیں۔ اجلاس کے دوران ایڈوکیٹ نصیر احمد ریاستی سیکرٹری، مشتاق احمد فانی ریاستی سیکرٹری ، جعفرید احمد کھاری خزانچی، چوہدری محمد شفیع کھٹانہ ضلع صدر پونچھ، چوہدری محمد افضل چوہان ضلع نایب صدر پونچھ ، عبدالرحمن ضلع جنرل سیکرٹری پونچھ، محمد فرید تحصیل صدر منڈی، نیاز احمد چوہان تحصیل صدر حویلی، راجہ محمد اشرف خان بلاک صدر ننگالی اور یوتھ لیڈر یاسر عرفات نے بھی خطاب کیا۔