عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ 10سال کے دوران جموں و کشمیر کو اندھیروں میں دھکیلنے کی بھر پور کوشش کی گئی اور موجودہ عوامی سرکار اس بدنظمی، غلط فیصلوں اور غیر سنجیدہ اقدامات کی برپائی اور صحیح کرنے میں لگی ہوئی ہے۔ ڈاکٹر عبداللہ جموں میں قیام کے دوران پارٹی لیڈروں ،کارکنوں اور دیگر عوامی وفود سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ برسوں کے دوران صرف گمراہ کُن دعوے کئے گئے اور ایسا تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ 5اگست2019کے بعد یہاں تعمیر وترقی ہوئی لیکن سب کچھ زبانی جمع خرچ ثابت ہورہاہے۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ گذشتہ برسوں کے دوران ہر ایک شعبے کو پیچھے دھکیل دیا گیا اور لوگوں کی کہیں پر بھی شنوائی نہیں ہوئی۔ افسرشاہی اور غیر جمہوری نظام میں عام لوگوں کے ساتھ نارواسلوک روا رکھا گیا تھا۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ آج جموںوکشمیر میں ایک جمہوری سرکار قائم ہے ، جو دن رات عوام کو راحت پہنچانے میں لگی ہوئی ہے۔ آج لوگ سرکاری دفاتر اور اپنے نمائندوں کا رُخ کررہے ہیںاور اُن کے مسائل و مشکلات حل ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے عوام کو راحت پہنچانے کا وعدہ کیا ہے اور ہماری ہر وقت یہی کوشش رہتی ہے کہ عوام کو راحت پہنچایا جائے۔ اس موقع پر پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری اجے کمار سدھوترا، صوبائی صدر ایڈوکیٹ رتن لعل گپتا، صوبائی سکریٹری شیخ بشیر احمد اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔