سرینگر//صوبائی کمشنرکشمیر بصیر احمد خان نے کہا ہے کہ وادی میں قائم کوچنگ مراکز جو اندراج شدہ نہیں ہیں اورجو سرکار کی طرف سے وضع کردہ قواعد وضوابط کے معیار پر پورا نہیں اترتے ہیں کو فوری طور بند کیاجانا چاہیے ۔اس سلسلے میں صوبائی کمشنر کی صدارت میں ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ترقیاتی کمشنر سرینگر ،ناظم تعلیم کشمیر اور دیگر متعلقہ آفیسران موجود تھے۔جب کہ وادی کے مختلف اضلاع کے ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر نے پورے کوچنگ شعبے میں باقاعدگی اوربہتری لانے کی ضرورت پر زوردیا تاکہ طلبا کو متوقع فوائد حاصل ہوسکے اوران کا استحصال نہ کیاجاسکے۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ ایسے تمام کوچنگ مراکز جو کہ ابھی تک درج نہیں ہے یا جن کی رجسٹریشن زیر غور ہے کو بھی بند کیا جانا چاہیے۔صوبائی کمشنر نے ترقیاتی کمشنروں ناظم تعلیم کوخصوصی ٹیمیں قائم کرنے کی ہدایت دی جو کہ مختلف کوچنگ مراکز کا معائنہ کرکے وہاں قواعد وضوبط کی عمل آوری کے بارے میں جائزہ لیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ جن کوچنگ مراکز میں تعلیم یافتہ اساتذہ نہیں ہیں اورجہاں سردیوں کے ان ایام میں گرمی کا انتظام نہیں ہے کو بھی سربمہر کیا جانا چاہیے۔صوبائی کمشنرنے کہا سرکار بچوں کو بہتر تعلیم وتربیت دینے کی وعدہ بند ہے اور اس مقصد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔