سرینگر//محکمہ تعلیم کے سیکریٹری فاروق احمدشاہ نے چیف ایجوکیشن آفیسران کو ہدایت دی ہے کہ ایسے تمام پرائیوٹ سکولوں جن کی ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن میںرجسٹریشن نہیں ہے کو سربمہر کیا جانا چاہیے۔ڈی ایس ای کے کام کاج کاجائزہ لینے کے دوران فاروق شاہ نے کہا کہ سرکار عنقریب ہی وادی میں غیر اندراج شدہ پرائیویٹ سکولوں کے اندراج کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دے گی۔یہ کمیٹی ان سکولوں میں تعلیم کے معیار ،اساتذہ اور بچوں کی شرح ،فیس ڈھانچے اورعملے کو دی جارہی تنخواہوں کاجائزہ لے گی۔اس کے علاوہ ان سکولوں میں انسانی وسائل کے فروغ کی مرکزی وزارت کی طرف سے واضح کردہ رہنما خطوط کی عمل آوری کابھی جائزہ لیا جائے گا۔سیکریٹری تعلیم نے تمام سی ای اووز کو غیر قانونی طور چلائے جارہے پرائیوٹ سکولوںکو متعلقہ پولیس اسٹیشنوں کے تعائون سے سربمہر کرنے کی مہم شروع کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے امتحانی عمل میں مکمل شفافیت کو برقراررکھنے پر زوردیا۔انہوںنے مزید کہا کہ محکمہ تعلیم ہر ضلع میں بورڈ نگ سکول،جسمانی طور ناخیز بچوں کے لئے سکول اور ٹنکرنگ سائینس لیبارٹریاں بھی قائم کرے گا۔