بلال فرقانی
سری نگر // حکومت نے جمعرات کو غیر اعلانیہ در بار مو کا حکم جاری کیا ہے۔اگرچہ واضح الفاظ میں نہیں کہا گیا ہے لیکن سبھی انتظامی سیکریٹریوں اور دیگر محکموں کے سربراہان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 11 نومبر سے سیول سیکرٹریٹ جموں میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں۔عمومی انتظامی محکمہ کی جانب سے جاری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ انتظامی سیکرٹریوں اور مرکزی زیر انتظام خطہ کی سطح کے محکموں کے سربراہوں کو 11 نومبر 2024 سے سیول سیکرٹریٹ جموں میں موجود رہنے کی ضرورت ہے۔ یہ حکم 23 اکتوبر 2024 کو جاری کردہ نمبر 1822-JK (GAD) کے تحت ہے۔اس آرڈڑ میں کہا گیا ہے ’’حکومت کا مقصد سول سیکرٹریٹ میں سرکاری امور کی مؤثر انجام دہی کو یقینی بنانا ہے‘‘۔آرڈر میں مزید کہا گیا ہے کہ افسران کو جموں میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، لیکن انہیں ضرورت کے مطابق سول سیکرٹریٹ سرینگر میں بھی شرکت کرنی ہوگی۔محکمہ ایسٹٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ انتظامی محکموں کی درخواست پر افسران اور عملے کیلئے رہائش فراہم کرے۔ یہ اقدام حکومت کے انتظامی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔3سال قبل ایل جی انتظامیہ نے دربار مو کی برسوں چلی روایت کو کٹم کردیا تھا۔ دربار مو روایت جموں کشمیر میں2020تک رائج رہی۔لیفٹیننٹ گورنرنے 20 جون2021 کو اعلان کیا تھا کہ جموں وکشمیر انتظامیہ مکمل طور پر ای آفس میں منتقل ہوگئی ہے ، اس طرح ’’ دربار مو ‘‘ کا عمل ختم ہو گیا ہے۔‘‘ان کا کہنا تھا کہ اب جموں اور سری نگر دونوں سیکرٹریٹ 12 ماہ تک عام طور پر کام کر سکتے ہیں اور اس سے حکومت کو سالانہ 200 کروڑ روپے کی بچت ہوگی جو محروم طبقات کی فلاح و بہبود کے لئے استعمال ہوگی۔