سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے گیسو تراشی کے واقعات کو خواتین کے تقدس کو پامال کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ حکومت ان حملوں کے پیچھے محرکات کو بے نقاب کرے گی۔وادی میں گزشتہ ایک ماہ سے نامعلوم افراد کی طرف سے خواتین کی پراسرار گیسو تراشی پر وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ایک بار پھر خاموشی کو توڑتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ اُن غیبی ہاتھوں کو بے نقاب کیا جائے گاجو خواتین کی چوٹیاں کاٹنے میں مصروف ہیں۔وزیر اعلیٰ نے سماجی وئب سائٹ ٹیوٹر کا سہارا لیتے ہوئے تحر کیا ’’ ریاست میں خواتین کی چوٹیاں کاٹنے کے واقعات اجتماعی دیوانگی پیدا کرنے اور خواتین کے تقدس کو پامال کرنے کی کوشش ہے‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس کے پیچھے مقصد کو بھی تلاش کرے گی۔وزیر اعلیٰ نے ایک اور ٹیوٹ کرتے ہوئے تحریر کیا’’حکومت اس بات کی یقین دہانی کراتی ہے کہ ان حملوں کے پیچھے مقاصد کو تلاش کیا جائے گا‘‘۔اس سے قبل سرینگر میں3اکتوبر کو ایک تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا تھا’’ہم نے پہلی ہی بال تراشوں کو تلاش کرنے کیلئے پہل شروع کی ہے اور اس سلسلے میں کئی ٹیموں کو تشکیل دیا گیاہے جو اس مسئلے کو دیکھ رہی ہیں‘‘۔انہوں نے کہا تھاکہ ہم اپنی کوششیں اس بات پر صرف کر رہے ہیں کہ ان واقعات میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔وزیر اعلیٰ نے کہا تھاکہ جن علاقوں میں یہ واقعات پیش آئے ہیں وہاں پر ڈاکٹروں کو بھی روانہ کیا گیا ہے،تاکہ وہ حقائق معلوم کر سکیں۔انہوں نے کہا تھاکہ ڈاکٹروں کی یہ ٹیم متاثرہ خواتین سے بھی ملاقی ہوگی،تاکہ تحقیقات میں مدد مل سکے۔