سرینگر//خانیار کے غوثیہ اسپتال میں ایک مریض کی آنکھ کی انتہائی پیچیدہ اور غیر معمولی نوعیت کی جراحی کامیابی کے ساتھ انجام دی گئی۔ کولگام کے ایک دو افتادہ علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک مریض کوغوثیہ اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مذکورہ مریض ایک آنکھ کی بینائی سے محروم تھا اور ایک سال قبل گلوکوما کی وجہ سے اس کی اس آنکھ کا آپریشن بھی کیا گیا تھا۔اس آنکھ کی اوپٹک نرو قریب90فیصد نقصان زدہ تھی اور ڈاکٹروں کو مریض کے رشتہ داروں کو اس آپریشن پر آمادہ کرنے کیلئے سخت جدوجہد کرنا پڑی۔چنانچہ اس ضمن میں دستاویزی لوازمات کی ادائیگی کے بعد وادی کے معروف ماہر چشم ڈاکٹر سجاد حسین قانونگو کی سربراہی میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے انتہائی مشکل نوعیت کا یہ آپریشن کامیابی کے ساتھ انجام دیا۔اس ٹیم میں ڈاکٹر فرہان ،ڈاکٹر سمی، ڈاکٹر بشیر، ڈاکٹر قیصر، ڈاکٹر معسود رشید(انچارج میڈیکل سپر انٹنڈنٹ) اور ڈاکٹر نشاط شاہین شامل ہیں۔ڈاکٹر سجاد حسین نے اس جراحی کے بارے میں بتایا کہ اگر یہ آپریشن نہیں کیا جاتا تو مریض ساری عمر آنکھ کی روشنی سے محروم رہتا۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک پیچیدہ اورغیر معمولی نوعیت کا آپریشن تھا جس کیلئے وہ غوثیہ اسپتال کی انتظامیہ اور ان کی ٹیم میں شامل دیگر ڈاکٹروں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔