کرناہ//شمالی ضلع کپوارہ کے کرنا ہ علاقے میں بدھ کو پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے اُس نوجوان کو واپس وطن روانہ کیا گیا جو غلطی سے کنٹرول لائن عبور کرکے اس طرف آیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق 13سالہ موسم ولد منظور احمد ساکن لیپا (پاکستانی زیر انتظام کشمیر) 5اپریل کو غلطی سے کنٹرول لائن عبور کرنے کے بعد اس طرف آیا تھا۔موسم کو بھارتی افواج نے اپنی تحویل میں لیکر پاکستانی فوجی حکام کو اس کے بارے میں مطلع کیا۔
دونوں طرف کے فوجی حکام نے ہارٹ لائن پر رابطہ کرکے موسم کی وطن واپسی کیلئے آج کا دن مقرر کیا جس کے بعد پونے بارہ بجے موسم کو پاکستانی فوجی حکام کے حوالے کیا گیا۔اس موقع پر بھارتی فوج نے موسم کو کپڑوں اور مٹھائیوں کے ساتھ روانہ کیا۔
انسانی بنیادوں پریہ کارروائی ٹیٹوال میں قائم اُس کراسنگ پوئنٹ پر عمل میں لائی گئی جس کو ’امن کا پل‘ بھی کہا جاتا ہے اور جو بھارت اور پاکستان کے مابین جنگ بندی معاہدے پر عمل کے معاہدے کے بعد ایک سیاحتی مقام کے طور سامنے آیا ہے۔