سرینگر//نیشنل کانفرنس کی جانب سے ژولگام کولگام میں ایک تقریب کا انعقاد ہوا جس میں پارٹی سے وابستہ لیڈران ، عہدیداران اور کارکنان نے سابق ضلع صدر اسلام آباد و سابق ایم ایل اے کولگام ایڈوکیٹ غلام نبی ڈار کو 12ویں برسی پرخراج عقیدت پیش کیا ۔ صبح سویرے مرحوم کے مقبرہ پر فاتحہ خوانی اور گلباری کی گئی اور اس سلسلے میں ایک تقریب کا بھی انعقاد ہوا جس میں پارٹی سے وابستہ سینئر عہدیداران نے مرحوم کے سیاسی، سماجی اور قانون خدمات کو روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مرحوم جہاں ایک معروف قانون دان تھے وہیں مرحوم ایک دور اندیش اور سیاست بصیرت رکھنے والے رہنما بھی تھے۔ ادھرمرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، کارگذار صدرعمر عبداللہ نے کہا کہ مرحوم نے کشمیری عوام کے جذبات اور پارٹی کی سربلندی کیلئے اپنی قیمتی جان قربان کردی۔ دریں اثناء پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں جنرل سکریٹری علی محمد ساگر کی صدارت میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔