محمد تسکین
بانہال // ڈیموکریٹک پراگریسیوآزاد پارٹی کے سربراہ غلام نبی آزاد کی طرف سے دین اسلام سے متعلق دیئے گئے بیان پر نماز جمعہ کے موقع پر بانہال کی مختلف مساجد میں غلام نبی آزاد کو ہدف تنقید بنایا گیااور ان کے بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔امام مرکزی جامع مسجد بانہال مولوی نظیر احمد وانی نے کہا ہے کہ اپنے سیاسی مفادات کیلئے مذہب کو بیچ میں لانے سے گریز کیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ دین اسلام آدم علیہ السلام کے وقت سے موجود ہے اور ایک لاکھ چوبیس ہزار پیغمبر اور تورات زبور اور انجیل سمیت ہزاروں صحیفے اسلام کی پیروی کیلئے آئے ہیں اور پیغمبر آخر زمان جناب محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تک اسلام پہلے سے ہی موجود تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان بیانات سے نہ صرف مسلمانوں کے دل مجروح ہوتے ہیں بلکہ اس سے فتنہ اور نقص امن اکا بھی خطرہ لاحق رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے سیاسی مفادات کیلئے اسلام کو بیچ میں لانا نہیں چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ غلام نبی ازاد کے بیان کی مذمت کرتے ہیں اور اس سے مسلمانوں کے دلوں کو ٹھیس پہنچی ہے۔