عظمیٰ نیوزسروس
بونجواہ، کشتواڑ//کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر غلام محمد سروڑی نے ضلع کشتواڑ کے بونجواہ بلاک کا ایک روزہ تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے مختلف مقامات پر مقامی لوگوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور علاقے میں کانگریس پارٹی کو مضبوط بنانے کے لیے زمینی سطح پر ضروری اقدامات کے بارے میں غور کیا۔ اس موقع پر انہوں نے عوامی رابطے کو ترجیح دینے اور حقیقی دنیا میں عوامی خدمت کو سیاست کی اصل روح قرار دیا۔سروڑی نے کانگریس قیادت کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کا مسئلہ بلند کیا۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا کی فرضی دنیا سے باہر آئیں اور عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں ہمیں ایسے کارکنوں کی ضرورت ہے جو مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑے ہوں، نہ کہ صرف سوشل میڈیا پر نظر آئیں۔انہوں نے پارٹی ورکروں کو مشورہ دیا کہ کسی بھی پلیٹ فارم پر کسی کے خلاف گالی گلوچ یا ذاتی حملے نہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ حقائق پر مبنی تنقید سیاسی ماحول کے لیے صحت مند ہے، لیکن ذاتیات پر اترنا ایک تماشہ ہے جسے عوام مسترد کر چکی ہے۔ انہوں نے کارکنوں کو سازشوں، گمراہ کن پروپیگنڈے اور بدنامی کی سیاست سے ہوشیار رہنے کی تلقین کی۔انہوں نے کہا کہ 2014سے 2018کے دوران کانگریس حکومت میں انہوں نے دن رات محنت کی اور درجنوں سڑک پروجیکٹ منظور اور مکمل کرائے، لیکن اس کے بعد چناب خطے میں تمام ترقیاتی کام رْک گئے۔ انہوں نے کہا کہ آج سڑکیں اتنی خستہ حال ہیں کہ مریضوں کو ہسپتال لے جانا بھی دشوار ہو گیا ہے کیونکہ ٹرانسپورٹ کی سہولیات موجود نہیں۔ متعدد ترقیاتی پروجیکٹ صرف ٹھیکیداروں کی لاپروائی اور ناکامی کے باعث تاخیر کا شکار ہیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بونجواہ تحصیل ہیڈکوارٹر میں تمام سرکاری محکموں کے دفاتر قائم کیے جائیں تاکہ مقامی عوام کو سہولت میسر آ سکے۔ غلام محمد سروڑی نے زور دیا کہ صرف عملی کام ہی عوام کا دل جیت سکتے ہیں، اور وقت آ گیا ہے کہ کانگریس کے کارکنان سوشل میڈیا کی حد تک محدود رہنے کے بجائے میدان عمل میں اتریں۔