غزہ /عظمیٰ نیوز ڈیسک/غزہ میں 7اکتوبر سے شروع ہونے والی اسرائیلی بربریت کو تقریبا ایک سال کا عرصہ مکمل ہونے والا ہے لیکن اب بھی اسرائیلی حملے جاری ہیں۔تازہ حملوں میں اسرائیلی طیاروں نے جبالیا کیمپ پر بم باری کی ہے، جس کے نتیجے میں 15 فلسطینی لقمہ اجل بن گئے۔اس کے علاوہ دیر البلح میں بھی اسرائیلی بمباری سے ایک فلسطینی لقمہ اجل اور متعدد زخمی ہو گئے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی بم باری سے 31فلسطینی لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران فوڈ اسٹوریج ویئر ہاوس تباہ کر دیا ہے۔غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ 7اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 41ہزار 4سو سے زائد فلسطینی لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
سعودی عرب کا فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے | بین الاقوامی اتحاد کا اعلان
عظمیٰ نیوز ڈیسک
ریاض//سعودی عرب نے فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے بین الاقوامی اتحاد کا اعلان کر دیا۔نیویارک میں وزرا کے غزہ سے متعلق ایک اجلاس میں سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے فلسطینی ریاست کے قیام اور دو ریاستی حل کے لیے بین الاقوامی اتحاد کا اعلان کیا۔ان کا کہنا ہے کہ فلسطینی ریاست کے قیام کا اتحاد یورپ اور عرب ممالک کی کوششوں کا مشترکہ نتیجہ ہے۔سعودی وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ اپنا دفاع کرنا لاکھوں شہریوں کے قتل کا جواز نہیں بنتا، ایک بار پھر فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جرائم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ سعودی عرب ایک آزاد فلسطینی ریاست جس کا دار الحکومت مشرقی بیت المقدس ہو، اس کے قیام کی راہ میں کام کرنے سے ہرگز نہیں رکے گا۔سعودی وزیرخارجہ کے مطابق فلسطین پر دو ریاستی حل کے لیے بین الاقوامی اتحاد کا پہلا اجلاس ریاض میں ہوگا، جس میں امن یقینی بنانے اور مشترکہ اہداف کے حصول کے لییعملی پلان وضع کریں گے۔ان کا کہنا ہے کہ ہم ایک معتبر راستے کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کوششیں کریں گے، جامع اور منصفانہ امن سے پیچھے نہیں ہٹا جائے گا۔