یو این آئی
غزہ//غزہ سٹی کے علاقے زیتون میں ایک گاڑی پر اسرائیلی حملے میں ایک ہی خاندان کے 11افراد جاں بحق ہوگئے۔ اسرائیل نے دعویٰ کیا کہ یہ گاڑی اس نام نہاد یلو لائن کو عبور کر رہی تھی، جو اسرائیلی فوجی کنٹرول والے علاقے کو ظاہر کرتی ہے۔جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے اسرائیل 28افراد کو جاں بحق کرچکا ہے۔حماس نے امریکہ اور ثالثوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل پر دبا ڈالیں تاکہ وہ جنگ بندی معاہدے کا احترام کرے اور حملے بند کرے، یہ مطالبہ اس وقت سامنے آیا جب ریڈ کراس کے ذریعے ایک اور اسرائیلی قیدی کی لاش واپس کی گئی۔غزہ کے فلسطینی اب بھی خوراک اور پانی کیلئے بے حد پریشان ہیں، اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری کی جانب سے مطالبہ کیے گئے بڑے پیمانے پر امدادی قافلے اسرائیلی رکاوٹوں کے باعث متاثر ہو رہے ہیں۔اکتوبر 2023 سے اسرائیل کی غزہ پر جنگ میں اب تک 67 ہزار 967 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 70 ہزار 179 زخمی ہو چکے ہیں۔7اکتوبر 2023کو حماس کے حملوں میں اسرائیل میں ایک ہزار 139 افراد ہلاک اور تقریبا 200 افراد کو یرغمال بنالیا گیا تھا۔