یواین آئی
غزہ// جنوبی غزہ کے خان یونس شہر پر پیر کے روز اسرائیل کی مسلسل بمباری میں کم از کم 40 فلسطینی ہلاک ہوگئے ۔عینی شاہدین نے بتایا کہ شہر کے مغربی علاقوں پر اسرائیلی جنگی طیاروں اور توپ خانے سے شدید بمباری کی گئی۔ اس دوران حماس اور اسرائیلی فوج کے درمیان شدید لڑائی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں ہزاروں بے گھر فلسطینی مقیم ہیں۔غزہ میں قائم وزارت صحت نے پیر کے روز بتایا کہ غزہ کی پٹی پر جاری اسرائیلی حملوں میں فلسطینیوں کی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 25,295 ہو گئی ہے ۔اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یو این او سی ایچ اے (اوچھا) کے مطابق 20 جنوری تک غزہ میں کیمپوں سے سمیت مختلف علاقوں میں 17 لاکھ سے زائد بے گھر افراد موجود تھے ۔اوچھا کے مطابق غزہ میں کمال عدوان اسپتال سمیت 15 مختلف اسپتالوں نے محدود پیمانے پر دوبارہ کام شروع کردیا ہے تاہم اب بھی کئی اسپتال مکمل طور پر غیر فعال ہیں۔اوچھا کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں بے گھر افراد کیلئے انسانی امداد کی فراہمی تاحال مشکلات درپیش ہیں، جنوری کے پہلے دو ہفتوں کیلئے مقررہ 29 فلاحی مشنوں میں سے صرف 7 مشن غزہ میں پنہچائے جا سکے ، جس میں زندگی بچانے والی ادویات سمیت صرف بنیادی ضروریات کی چیزیں شامل تھیں۔اقوام متحدہ کے مطابق اسرائیلی حکام کی جانب سے غزہ میں امداد کا سلسلہ جاری رکھنے میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں، 20 اور 21 جنوری تک رفح او ر کیرم شیلوم راہداریوں سے ادویات، غذا اور دیگر بنیادی اشیا کے صرف 325 ٹرک غزہ میں پہنچائے جا سکے ہیں۔