یواین آئی
نیویارک// امریکہ نے ایک مرتبہ پھر غزہ میں فوری، غیر مشروط اور مستقل جنگ بندی کا مسودہ قرار داد ویٹو کردیا۔ جبکہ یو این سلامتی کونسل میں 14 ارکان نے قراردادکی حمایت میں ووٹ دیا۔امریکی میڈیا کے مطابق امریکہ نے چھٹی بار غزہ جنگ بندی کی قراردادکو ویٹو کیا ہے۔ آئندہ ہفتے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس میں عالمی رہنماؤں کی آمد متوقع ہے، اس دوران غزہ اور قطر میں بڑھتے ہوئے بحران عالمی سفارتی ترجیحات کو ازسرِنو تشکیل دے رہے ہیں، جن کے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات پر بھی اہم اثرات مرتب ہوں گے۔ رپورٹ کے مطابق جمعرات کو واشنگٹن نے حسبِ روایت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک مسودہ قرارداد ویٹو کردیا، جس میں غزہ میں فوری، غیر مشروط اور مستقل جنگ بندی کے علاوہ اسرائیل پر محصور علاقے میں امداد کی ترسیل پر عائد تمام پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔یہ قرارداد سلامتی کونسل کے 15 میں سے 10 منتخب ارکان نے تیار کی تھی اور اسے 14 ووٹ ملے، لیکن امریکہ نے چھٹی بار ویٹو پاور استعمال کرتے ہوئے اسرائیل کا ساتھ دیا۔گزشتہ ہفتے ایک نادر موقع پر امریکہ نے سلامتی کونسل کے ایک بیان کی حمایت کی تھی جس میں قطر پر حالیہ حملوں کی مذمت کی گئی، تاہم متن میں اسرائیل کا ذکر شامل نہیں تھا۔ ایک اور غیر متوقع پیش رفت میں امریکی ڈیموکریٹ سینیٹرز نے ایک قرارداد پیش کی ہے جس میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔،اگرچہ اس کے ایوان میں منظور ہونے کے امکانات کم ہیں کیونکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی کو 53 کے مقابلے میں 47 کی اکثریت حاصل ہے، لیکن قرارداد امریکہ سے ایک غیر مسلح فلسطینی ریاست کو ایک محفوظ اسرائیل کے ساتھ تسلیم کرنے پر زور دیتی ہے۔ڈیموکریٹ سینیٹر جیف مرکلی نے کہا کہ ‘امریکہ کی ذمہ داری ہے کہ قیادت کرے اور وقت آگیا ہے کہ عمل کیا جائے۔