یواین آئی
غزہ// عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے غزہ اور اطراف کے علاقوں میں پولیو وائرس پھیلنے کے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ میں صفائی کی ابتر صورتحال ہے جس کے باعث عالمی ادارہ صحت نے غزہ اور اطراف کے علاقوں میں پولیو وائرس پھیلنے کے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج کا غزہ کے علاقے خان یونس میں آپریشن جاری ہے جس دوران 89 فلسطینی شہید اور لاکھوں بے گھر فلسطینی دوبارہ دربدر ہوگئے۔اسرائیل کا خان یونس میں تیسری بار آپریشن، بمباری سے 81 فلسطینی جاں بحق اور 200 سے زائد زخمی ۔ادھر رفح میں فلسطینی مزاحمتی گروپ کے اسرائیلی ٹینکوں پر راکٹ حملے کے دوران متعدد ٹینک تباہ ہوگئے۔مزیدبرآں مغربی کنارے کے شہر طولکرم کے پناہ گزین کیمپ پر اسرائیل نے ڈرون حملہ کیا جس دوران فلسطینی مزاحمتی گروپ کے کمانڈروں سمیت 7 فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔
نیتن یاہوکی امریکہ آمد | فلسطین کے حامی اور جنگ مخالف یہودیوں کا مظاہرہ
یواین آئی
واشنگٹن// غزہ میں جنگ کے خلاف اور فلسطین کے حامی یہودیوں نے کیپیٹل ہل میں احتجاج کیا اور اسرائیلی وزیر اعظم کے دورہ امریکہ کے موقع پر جنگ روکنے کا اعلان کرنے کا مطالبہ کیا۔عرب میڈیا کے مطابق فلسطین کے حامی مظاہرین کیپیٹل ہل میں قائم کینن ہائوس کی عمارت میں جمع ہوئے اور انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہمارے (یہودیوں) کے نام پر یہ سب مت کریں جب کہ مظاہرین نے امریکا سے اسرائیل کو اسلحہ کی فراہمی روکنے کا بھی مطالبہ کیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی آمد کے موقع پر احتجاج کرنے والے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا، اس دوران مظاہرین ’غزہ کو جینے دو‘ کے نعرے لگاتے رہے۔ امریکی صدرجو بائیڈن اسرائیلی وزیر اعظم سے جمعرات کو ملاقات کریں گے جب کہ سابق صدر ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم کی ملاقات بھی جمعہ کو ہوگی۔