عظمیٰ نیوز سروس
یروشلم// دو سال کی جنگ اور خوراک کے شدید بحران کے بعد غزہ میں پانچ سال سے کم عمر کے 54,600بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہو سکتے ہیں، جن میں سے 12,800 شدید متاثر ہو سکتے ہیں، یہ بات اقوام متحدہ کی ایک ایجنسی کی نئی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔اگست کے اوائل تک غزہ میں چھ ماہ سے پانچ سال تک کی عمر کے تقریباً 16فیصدبچے جان لیوا غذائی قلت کا شکار تھے، جسے شدید غذائی قلت کہا جاتا ہے، تقریباً 4فیصدبچے تباہ کن غذائی قلت سے متاثر تھے۔یہ اعداد و شمار مشرق وسطیٰ میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (خطے میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے بنیادی صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے والے ادارے)کے تجزیہ سے سامنے آئے ہیں۔ اس غذائی قلت کے لیے ہفتوں تک علاج، خوراک اور بعض اوقات ہسپتال میں داخل ہونے کی ضرورت ہوتی ہے۔مصنفین نے بتایا کہ یہ مطالعہ، جو بدھ کو دی لانسیٹ طبی جریدے میں شائع ہوا، خطے میں بچوں کی بھوک پر اب تک کی سب سے جامع تحقیق ہے۔ یہ جنوری 2024سے اگست کے وسط تک غزہ کے درجنوں صحت مراکز اور طبی مراکز میں تقریبا 220,000 بچوں کے جانچ پر مبنی تھا۔
مطالعہ کے سرکردہ سائنسدان ڈاکٹر ماساکو ہورینو نے ایک بیان میں کہا’’غزہ کی پٹی میں ہزاروں پری اسکول کی عمر کے بچے اب قابل علاج شدید غذائی قلت کا شکار ہیں اور ان کی اموات میں اضافے کا خطرہ ہے‘‘۔مطالعہ کے ساتھ شائع ہونے والے ایک تبصرے میں بچوں کی صحت، غذائیت اور عوامی پالیسی کے تین ماہرین، جو تحقیق میں شامل نہیں تھے، نے اسے غذائی قلت کی سنگینی کا “حتمی ثبوت” قرار دیا۔کولمبیا یونیورسٹی کی جیسیکا فانزو، سٹینفورڈ یونیورسٹی کے پال وائز اور پاکستان کی آغا خان یونیورسٹی اور کینیڈا ہسپتال برائے اطفال کے ذوالفقار بھٹہ نے لکھا، “اب یہ بات مضبوطی سے ثابت ہو گئی ہے کہ غزہ کے بچے بھوک سے مر رہے ہیں اور انہیں فوری اور مستقل انسانی امداد کی ضرورت ہے۔”اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے غزہ جنگ کے دوران فاقہ کشی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں حماس کی طرف سے پھیلایا گیا “جھوٹ” قرار دیا۔لیکن ماہرین اور امدادی گروپوں کئی مہینوں سے خبردار کر رہے ہیں کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ کی سخت ناکہ بندی، خوراک اور امداد پر پابندیاں اور اس کی مسلسل فوجی کارروائیاں، خاص طور پر بچوں اور حاملہ خواتین میں غذائی قلت کا باعث بن رہی ہیں۔غزہ کی وزارت صحت نے اطلاع دی ہے کہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے 157 بچوں سمیت 461 افراد غذائی قلت کی پیچیدگیوں سے مر چکے ہیں، جن میں سے زیادہ تر اموات 2025 میں ہوئیں۔وزارت کے مطابق، طبی خوراک کی شدید قلت کے درمیان، ہسپتال غذائی قلت کے شکار بچوں سے بھر رہے ہیں۔
اقوام متحدہ اور بہت سے آزاد ماہرین وزارت صحت کے اعداد و شمار کو جو حماس کے زیر انتظام حکومت کا حصہ ہے، کو سب سے زیادہ قابل اعتماد سمجھتے ہیں۔مطالعہ کے لیے تربیت یافتہ نرسوں نے بچوں کے درمیانی اوپری بازوں کی موٹائی کی پیمائش کے لیے کیلیبریٹڈ ٹیپ کا استعمال کیا، جو کہ غذائیت کے تنا کا اندازہ لگانے کا ایک معیاری آلہ ہے۔ سائنسدانوں نے اطلاع دی ہے کہ بہت پتلے بازو، 125 ملی میٹر یا 4.9 انچ سے کم، بہت پتلے جسم کے بے شمار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔جب غزہ میں امداد کی اجازت دی گئی، جیسے کہ 2025کے اوائل میں چھ ہفتے کی جنگ بندی کے دوران، غذائی قلت کی شرح میں کمی واقع ہوئی۔ لیکن تحقیق سے پتا چلا کہ بعد میں جب سپلائی ہفتوں یا مہینوں تک بند رہی تو بچوں کے حالات مزید خراب ہو گئے۔اسرائیل نے مارچ میں شروع ہونے والی اور دو ماہ سے زائد عرصے تک مکمل ناکہ بندی کے ساتھ ختم ہونے والی جنگ کے دوران مختلف سطوں پر امداد اور خوراک پر پابندیاں عائد کیں۔ مئی میں، اس نے تھوڑی مقدار میں امداد کی اجازت دینا شروع کی۔ مئی میں ایک متنازع امریکی-اسرائیلی حمایت یافتہ سپلائی ڈسٹری بیوشن سسٹم شروع ہوا جہاں امداد کے متلاشی سینکڑوں فلسطینیوں کو ہلاک کر دیا گیا۔اس نے امداد کی تقسیم کو جنوبی غزہ کے آس پاس کے چار مقامات تک محدود کر دیا، جس سے فلسطینیوں کو امداد حاصل کرنے کے لیے اسرائیلی فوجی لائنوں کو عبور کرنا پڑتا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق ان مقامات اور اس کے اطراف میں اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں ایک ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک ہوئے۔یہ مطالعہ اقوام متحدہ کے حمایت یافتہ فوڈ سیکیورٹی ماہرین کی اگست کی ایک رپورٹ کے بعد کیا گیا ہے، جس میں غزہ کے کچھ حصوں میں قحط کی تصدیق کی گئی ہے۔ انٹیگریٹڈ فوڈ سکیورٹی فیز کی درجہ بندی، خوراک کے بحران پر دنیا کی معروف اتھارٹی، مہینوں سے خبردار کر رہی ہے کہ لاکھوں فلسطینیوں کو تباہ کن بھکمری کا سامنا ہے۔ ماہرین نے کہا کہ اعداد و شمار کی کمی نے قحط کو پہلے اعلان کرنے سے روک دیا۔غزہ میں ہلاک ہونے والے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کے 21ہیلتھ ورکرز میں غذائیت کی اسکریننگ کے پروگرام میں شامل دو ملازمین شامل تھے۔ گروپ نے کہا کہ مجموعی طور پر ایجنسی کے 370 سے زائد ملازمین تنازع میں مارے گئے ہیں۔