یو این آئی
غزہ// غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے خون کی ہولی کھیلنے کا سلسلہ جاری ہے ، تازہ حملوں میں مزید 80 سے زائد فلسطینی جاں بحق ہوگئے ۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ روز غزہ میں اسرائیلی فوج نے امداد کے لیے جمع لوگوں پر فائرنگ اور گولہ باری کی جبکہ بے گھر فلسطینیوں پر بم برسائے ۔غزہ کے اسپتالوں میں موجود طبی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فورسز اور ڈرونز نے غزہ میں منگل کی صبح سے اب تک کم از کم 86 فلسطینیوں کو جاں بحق کر دیا، جن میں 56 بے گھر افراد تھے جو امداد حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے ۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غزہ کے جنوب میں کم از کم 25 افراد ہلاک جبکہ 140 سے زائد افراد زخمی ہوئے ، جن میں 62 کی حالت تشویشناک ہے ۔دوسری جانب حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے غزہ میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 7 اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کر دیا جس کی فوٹیج بھی جاری کر دی گئی۔ٹائمز آف اسرائیل نے اپنی رپورٹ میں 7 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی جن کا تعلق 605ویں کمبیٹ انجینئرنگ بٹالین سے تھا، 6 فوجیوں کی شناخت ظاہر کر دی گئی جبکہ 7ویں کی تلاش کا عمل جاری ہے ۔اسرائیلی دفاع فورسز (آئی ڈی ایف) کی ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ حماس کی القسام بریگیڈز نے خان یونس میں فوجیوں سے بھری بکتر بند گاڑی کو دھماکا خیز مواد نصب کر کے اڑا دیا۔دھماکے سے سی ای وی میں آگ لگ گئی اور اسے بجھانے کی کوششیں ناکام رہیں۔ اندر موجود تمام فوجی آگ سے جھلس کر ہلاک ہوئے ، بکتر بند کی باقیات کو غزہ سے اسرائیل منتقل کر دیا گیا۔قبل ازیں خان یونس میں القسام بریگیڈز کی ایک اور اہم کارروائی میں 605ویں بٹالین کے دو فوجیوں کو مقابلے میں شدید زخمی کیا گیا جن میں سے ایک کی حالت انتہائی تشویشناک ہے ۔
حماس حملے میں7صہیونی فوجی ہلاک
یو این آئی
غزہ//غزہ کے علاقے خان یونس میں حماس کے حملے میں پلاٹون کمانڈر سمیت 7 صہیونی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک جھڑپ میں ایک اسرائیلی فوجی شدید زخمی بھی ہوا۔برطانوی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق اسرائیلی فوج نے بدھ کے روز بتایا کہ منگل کو جنوبی غزہ کی پٹی میں جھڑپ کے دوران اس کے پلاٹون کمانڈر سمیت 7 اہلکار ہلاک ہو گئے ۔فوج کے بیان کے مطابق، ایک علیحدہ واقعے میں جنوبی غزہ ہی میں ایک اور اسرائیلی فوجی شدید زخمی بھی ہوا ہے ۔اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یہ ساتوں فوجی خان یونس شہر میں اس وقت مارے گئے جب ان کی گاڑی کے نیچے نصب ایک دھماکا خیز مواد پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں گاڑی میں آگ لگ گئی۔اسرائیلی فوج کے اعداد و شمار کے مطابق جون کے آغاز سے اب تک غزہ میں لڑائی کے دوران 19 اسرائیلی فوجی مارے جا چکے ہیں۔ترک خبر رساں ایجنسی ‘انادولو’ کی جانب سے رواں ماہ شائع کی گئی اسرائیلی اخبار ‘یدیعوت احارونوت’ کی رپورٹ کے مطابق ایک سینئر فوجی افسر نے بتایا ہے کہ غزہ پر جاری جنگ کے آغاز سے اب تک 10 ہزار سے زائد اسرائیلی فوجی ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں اہلکار ایسے بھی ہیں جو بار بار ذہنی صدمے میں مبتلا ہو رہے ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2023 سے جاری غزہ جنگ میں 861 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 5 ہزار 921 زخمی ہوئے ہیں، تاہم فوجی افسر کی طرف سے دی گئی مجموعی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے ، جو کہ اسرائیلی فوجی نظام پر گہرے اثرات کی نشاندہی کرتی ہے ۔اسرائیل نے اکتوبر 2023 میں حماس کے حملے کے جواب میں غزہ پر شدید فضائی اور زمینی کارروائیوں کا آغاز کیا تھا، خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں اب تک 56 ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں، جب کہ 20 لاکھ سے زائد کی آبادی میں سے بیشتر بے گھر ہو چکی ہے اور علاقے میں شدید غذائی بحران پیدا ہو گیا ہے ۔