یواین آئی
نیویارک// فرانسیسی صدر میکرون نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے مغربی کنار ے کا الحاق امریکہ کیلئے سرخ لکیر ہو گا ٹرمپ نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ ایسا اسرائیلی اقدام ابراہیمی معاہدے کے خاتمے کا سبب ہو گا۔میکرون نے کہا کہ ٹرمپ کو فلسطین کے مستقبل کے حوالے سے 3 صفحات پر مشتمل منصوبہ پیش کیا ۔ٹرمپ کو پیش کردہ دستاویز 143 سے زائد ممالک کی طرف سے منظور شدہ ہے۔فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ مستقبل میں غزہ، مغربی کنارے سے حماس کو خارج کرنے کی تجویز منصوبے میں شامل ہے۔ ٹرمپ سے ملاقات کا مقصد مسئلہ فلسطین پر امریکا، یورپ اور عرب ممالک کو ایک صفحے پر لانا ہے۔صدر نے بتایا کہ غزہ میں عبوری انتظامیہ اور تربیت یافتہ پولیس کی تشکیل منصوبے کا حصہ ہے ۔ساتھ ہی غزہ میں استحکام کیلئے اقوام متحدہ کی مینڈیٹ والی عالمی فورس تجویز کی گئی ہے جب کہ غزہ منصوبے میں خطے و بیرون ممالک کی شرکت ہو گی۔فرانسیسی صدر کے مطابق فلسطینی ریاست کے قیام کی راہ میں مذاکرات اہم مرحلہ ہیں ہم غیرفوجی فلسطینی ریاست چاہتے ہیں جو اسرائیل کو تسلیم کرے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو خونریزی روکنی چاہیے اسرائیل کے مغربی کنارے کے الحاق کو کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا، اسرائیل کو جنوبی لبنان سے دستبردار ہو جانا چاہیے لبنانی فوج سرحدی کنٹرول سنبھال سکتی ہے۔