غزلیات

Mir Ajaz
6 Min Read

ہیں کتنے دل شکن جذبات میرے
کریں گے کیا یہاں جذبات میرے

میں ظاہر میں شگفتہ پھول سا ہوں
مگر ہیں مختلف حالات میرے

یہ راہِ حق ہے مجھ کو دیکھنا ہے
کہاں تک وہ چلیں گے ساتھ میرے

کسی پر جب پڑی کوئی مصیبت
دُعا کو اُٹھ گئے ہیں ہاتھ میرے

وہ رہنے لگ گئے ہیں مجھ سے برہم
کہ سچ ہوتے گئے خدشات میرے

مجھے تسلیم ہے میں دل شکن ہوں
مگر نہیں تازہ دم جذبات میرے

ہتاشؔ اس کو کہوں تو کیا کہوں میں
وہ دُشمن بن گئے بے بات میرے

پیارے ہتاشؔ
دور درشن گیٹ لین جانی پورہ جموں
موبائل نمبر؛8493853607

لے گیا وہ ہر خوشی اب تو بچا کچھ بھی نہیں
مفلسی اِک شاعری ، اس کے سوا کچھ بھی نہیں

اِس سے بڑھ کر آج تک دیکھی سزا کچھ بھی نہیں
قید ہوں اپنے ہی گھر میں اور خطا کچھ بھی نہیں

میں مسافر گاؤں کا ہوں اجنبی ہوں شہر میں
بھیڑ میں رہنے کا مجھ کو تجربہ کچھ بھی نہیں

کسی طرح زندہ رہوں تجھ سے بچھڑ کر آج میں
تُو نہیں تو زندگی میں پھر مزا کچھ بھی نہیں

کس طرح سے نام پیدا شاعری میں کر لیا
جبکہ سیفیؔ آج تک تو ُنے پڑھا کچھ بھی نہیں

سیفیؔ سرونجی
مدیرسہ ماہی’انتساب عالمی‘،سرونج
موبائل نمبر؛9425641777

عکس آنکھوں میں بسانے میں بڑی دیر لگی
آپکا ہو کے دکھانے میں بڑی دیر لگی

پھر ہوا یوں کہ بچھڑنا پڑا باہم ہم کو
دوریاں دل سے مٹانے میں بڑی دیر لگی

اُس نے توڑا تھا مرے دل کو بہت آہستہ
کرچیاں مجھ کو اٹھانے میں بڑی دیر لگی

نہ تسلی نہ دلاسہ مرے کچھ کام آیا
ابنِ مریم تجھے آنے میں بڑی دیر لگی

ایک ٹھوکر سے بدن ہو گیا ریزہ ریزہ
پھر سے تعمیر اٹھانے میں بڑی دیر لگی

سردارجاوؔیدخان
مینڈر، پونچھ،جموں
موبائل نمبر؛9419175198

شیشے کا کاروبار ہے پتھر کے شہر میں
گھر اپنا میرے یار ہے پتھر کے شہر میں
ٹپکے گا آسمان سے میری جبیں کا خون
نیزے پہ سر سوار ہے پتھر کے شہر میں
کاندھوں پہ بے زبان کے ڈالو نہ اتنا بوجھ
معصوم راہوار ہے پتھر کے شہر میں
ٹھوکر کی زد میں ڈالیاں اللہ رحم کر
ہر پھول اشکبار ہے پتھر کے شہر میں
کس کی صدا ہے ٓائیے خنجر بنی ہے پیاس
یہ کس کا آب دار ہے پتھر کے شہر میں
جگ میں فلکؔ کو دیکھ کے لگتا ہے بس یہی
پھولوں کا جیسے ہار ہے پتھر کے شہر میں

فلکؔ ریاض
حسینی کالونی چھترگام کشمیر
موبائل نمبر؛6005513109

چلا گیا میرے گمان سے دور
زمیں کا بوجھ آسمان سے دور

نہ آؤ دیکھا ہے اور نہ تاؤ دیکھا
جبھی گئے کسی جہان سے دور

امیری اور غریبی سے ندارد
پلا ہوا ہوں آن بان سے دور

نیازمند ہوں نہ عرض خاموش
ہوئی ہے زندگی امان سے دور

کھلی جو نین تو ہوا میں بیدار
دل شکستہ دھیان سے دور

چلا گیا جو تیر نیم کش کو
وہ ہولے سے چلی کمان سے دور

دلِ امید کی نہ پوچھ یاورؔ
کہ ذرہ ذرہ ہے گمان سے دور

یاورؔ حبیب ڈار
بڈکوٹ ہندوارہ، کشمیر
موبائل نمبر؛6005929160

مسلکِ عشق میں جب خوب کہا جاتا ہے
دشمنِ جاں کو بھی محبوب کہا جاتا ہے

آپ کے پاؤں میں کانٹے کی طرح چبھتی ہے
نرم و نازک سی جسے دوب کہا جاتا ہے

ہم تو اللہ کے شاگرد ہیں پھر بھی واعظ
کیوں ہمیں وعظ میں مجذوب کہا جاتا ہے

تیرے ہونے کا کہیں پر ہے یقیں اور کہیں
ِابنِ مریم تجھے مصلوب کہا جاتا ہے

وہ مقام آتے ہیں اس تشنہ لبی میں اکثر
کہ جہاں زہر کو مرغوب کہا جاتا ہے

ایک مدت سے یہی رسمِ جہاں ہے شاید
ہر ہنر مند کو معیوب کہا جاتا ہے

جس علاقے میں تھے آباد کبھی عاد و ثمود
اس علاقے کو بھی مغضوب کہا جاتا ہے

مصداقؔ اعظمی
جوماں، پھولپور، اعظم گڑھ
موبائل نمبر؛9451431700

دینِ اسلام کی اشاعت میں
زندگی ہو بسر عبادت میں

میرے استاذ نے یہ فرمایا
وقت کم ہے بہت قیامت میں

ہاتھ آیا ہے جب سے موبائل
لطف آتا نہیں عبادت میں

چادرِ مصلحت ہٹاکر کے
آئیے کُھل کے اب سیاست میں

کیا بتاؤں میں حال دل تم کو
رات کٹتی ہے کیسے فرقت میں

اس طرح تم اداس رہتے ہو
*جیسے بیوہ ہو کوئی عدت میں*

چھوڑ کر شعرو شاعری احسنؔ
خود کو مصروف رکھ تلاوت میں

ازقلم افتخار حسین احسنؔ
بانکا،بھاگل پور، بہار
موبائل نمبر؛6202288565

کتنے ہیں طوفاں مرے دل میں وفا کے
ہم دکھا دیں گے تجھے جاں یہ لُٹا کے

کر دئے تابندہ شہر دل کے راستے
دیپ اُلفت کے تو نے دل میں جلا کے

تلخیٔ غم کو بھلا دیتے ہیں ہم تو
ہو نٹوں پہ ہلکی سی اک مسکاں سجا کے

ہر خوشی تجھ کو ملے سارے جہاں کی
ہیں لبوں پر میرے تحفے یہ دعا کے

مشکلیں ہر راہ کی آساں ہو جا ئیں
گر چلیں ہم ساتھ ہاتھوں کو ملا کے

جو خدا خود کو سمجھتے ہیں معینؔ آج
بھول بیٹھے وہ بھی ہیں بندے خدا کے

معین فخر معین ؔ
موبائل نمبر؛003443837244

 

 

Share This Article