عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وسطی اور شمالی کشمیر میں غرقآبی کے المناک واقعات میں نہاتے ہوئے3نوجوان لقمہ اجل بن گئے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ایس ڈی آر ایف اور کیو آر ٹی نے تلاشی کے دوران بٹوارہ سری نگر کے رہنے والے ایک لڑکے عادل احمد کی لاش برآمد کی۔ وہ نہاتے ہوئے ڈوب گیا تھا۔ذرائع نے بتایاکہ شدید گرمی سے نہانے کیلئے نوعمر لڑکا بٹوارہ سری نگرمیں دریائے جہلم پر نہانے گیا تھا،جہاںوہ نہاتے ہوئے ڈوب گیا،اور بعدازاں فوری کارروائی میں اسکی نعش برآمدکی گئی ۔اسی طرح ایک اور 13سالہ لڑکے شاہد احمد ولد طارق احمد وانی کی لاش بہار آباد حاجن سے برآمد ہوئی۔ذرائع نے بتایاکہ بانڈی پورہ ضلع کے حاجن علاقے میں جمعہ کو ایک 13 سالہ لڑکا دریائے جہلم میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا۔ایک اہلکار نے بتایا کہ واقعے کے فورا بعد اس کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔لڑکے کی شناخت شاہد احمد ولد طارق احمد وانی ساکنہ بہار آباد محلہ حاجن کے طور پر ہوئی ہے۔آخری اطلاعات آنے تک نوجوان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری تھا۔ادھرلولوب میں نوعمر لڑکا نہانے کے لیے قریبی تالاب میں گیا تھاکہ اس دوران لڑکا ڈوب گیا اور بعد میں اسے پانی کے منبع سے نکال کر بے ہوشی کی حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تاہم ڈاکٹروں انہیں مردہ قرار دے دیااور ان کی شناخت محمد عمران میر (15) ولد محمد اقبال میر ساکن دارپورہ لولاب کے طور ہوئی ہے ایک پولیس نے لڑکے کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ سوگوار خاندان کے خدشات کو دور کرنے کے لیے واقعے کی مزید تفصیلات جمع کر رہے ہیں۔