سرینگر // صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کل آفیسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کے دوران غریب شہری کنبوں کی با زآبادکاری کے لئے کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر سرینگر،آبپاشی وفلڈ کنٹرول محکمے کے انجینئران،کلکٹر لائوڈا،ایس ڈی اے کے آفیسران ،ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اور تحصیلدار(ساوتھ) کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ دریائے جہلم کے دونوں کناروں پر دبجن گھاٹ سے سیمنٹ پُل تک ،پاندریٹھن،اتھواجن اورژونٹھ کوہل کے کنبوں کے علاوہ پارمپورہ سے سمر بُگ تک منتقل کئے جانے والے کنبوں کو رکھ گنڈ اکھشے میں بسایا جائے گا اوراس کے لئے ایس ڈی اے نے رکھ گنڈ اکھشے میں پہلے ہی 106کنال اراضی کی نشاندہی کی ہے۔صوبائی کمشنر نے جانچ کمیٹی ہیڈ ایس ای ہائیڈرالک سرینگر کو باقی ماندہ کنبوں کی جانچ کا کام ایک ہفتے میں مکمل کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے کمشنر ایس ایم سی کو غریب شہری کنبوں کی باز آبادکاری کے عمل کے لئے متعلقہ ایم ایل اے کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے اور صوبائی کمشنر کے دفتر کو ایک ہفتے کے اندر اندر رپورٹ دینے پر زوردیا۔انہوںنے کہا کہ منتقل کئے جارہے کنبو ں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ انہیں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔