رانچی//وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کے دس کروڑ خاندانوں کو صحت بیمہ مہیا کرانے کے مقصد سے شروع کئے گئے آیوشمان بھارت اسکیم کو ''گیم چینجر'' بتایا اور کہا کہ یہ غریبوں کو بااختیار بنانے کی سمت میں اٹھایاگیا قدم ہے ۔مسٹر مودی نے یہاں وزیراعظم عوامی صحت اسکیم ( پی ایم جے اے وائی) آیوشمان بھارت کی ابتدا کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کانگریس پر ''غریبی ہٹاؤ'' نعرے کا استعمال صرف ووٹ بینک کے کے طور پر استعمال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے میں آج شروع کی گئی اس اسکیم سے فائدہ سبھی ذاتوں، مذاہب اور برادری کے غریبوں کو حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ''پی ایم جے اے وائی آیوشمان بھارت غریبوں کو بااختیار بنانے کی سمت میں اٹھایاگیا قدم ہے اور یہ گیم چینجر ثابت ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ اس اسکیم کو کچھ لوگ ''مودی کیئر' تو کچھ غریبوں کی اسکیم بتارہے ہیں۔ یقینی طور پر اس اسکیموں سے غریبوں کی خدمت ہوسکے گی۔ اس سے غربت دور کرنے میں ضرور مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر غریب کو عزت کے ساتھ جینے کا حق ملے گا۔ ان کی حکومت ''سب کا ساتھ سب کا وکاس'' پر یقین رکھتی ہے ۔یو این آئی۔ مسٹر مودی نے کہا کہ اس صحت اسکیم کے نفاذمیں ذات، رنگ، مذاہب اور دیگر کسی بھی طرح کی تفریق نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ''اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد یوروپی یونین کی کل آبادی کے برابر ہے ۔ اگر امریکہ، کناڈا اور میکسیکو کی کل آبادی کو شامل کرلیا جائے تب بھی ان کی تعداد اس اسکیم کا فائدہ حاصل کرنے کی والوں کی تعداد کے برابر نہیں ہوگی۔وزیراعظم نے کہا کہ ''آیوشمان بھارت اسکیم ملک کو مستقبل میں میڈیکل ہب میں تبدیل کردے گی۔ یہ اسکیم دنیا کے محققوں اور اداروں کے لئے تحقیق کا موضوع بنے گی۔ انہو ں نے کہا کہ اس اسکیم کے پہلے مرحلے کی ابتدا باباصاحب ڈاکٹر بھیم امبیڈکر کے یوم پیدائش 14 اپریل کو بستر ضلع سے کی گئی۔ اب اس کے دوسرے مرحلے کی ابتدا پنڈت دین دیال اپادھیائے کے یوم پیدائش 25 ستمبر کے قریب کی تاریخ میں کی گئی ہے ۔مسٹر مودی نے کہا کہ اس اسکیم پر عملدرآمد کے لئے 13 ہزار سے زیادہ اسپتالوں کو فہرست میں شامل کیا گیا ہے ۔ اس اسکیم کے تحت ملنے والی سہولتوں کے لئے رجسٹرڈ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ فائدہ اٹھانے والوں کو دیئے جانے والے ای کارڈ میں ان کے تعلق سے ضروری تفصیلات ہوں گی۔وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت ملک کے صحت کے شعبہ میں مثبت تبدیل کے لئے کام کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اہم توجہ لوگوں کو رعایتی صحت خدمات مہیا کرانے کے ساتھ ساتھ لوگ بیمار نہ ہو اس کے لئے کام کرنے پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت ملک کے 10 کروڑ خاندانوں کو پانچ لاکھ روپے کا صحت بیمہ دیا جائے گا۔اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے والوں میں 03ء8 کروڑ کا تعلق دیہی علاقوں سے ہے جبکہ 33ء2 کروڑ کا تعلق شہری علاقوں سے ہے ۔یو این آئی۔