رملہ //اسرائیلی جیلوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدیوں کے حق میں دریائے اردن کے مغربی کنارے میں احتجاجی ریلی نکالی گئی ہے۔اس کے دوران میں قابض فورسز اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات ملی ہیں۔اسرائیلی فوجیوں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ربر کی گولیاں چلائی ہیں جس سے دو مظاہرین زخمی ہوگئے ہیں۔ ان دونوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور اسٹریچر پر ڈالتے وقت ان کی ٹانگوں سے خون رس رہا تھا۔اسرائیلی فوجیوں اور مظاہرین کے درمیان راملہ شہر کے ایک داخلی دروازے اور ایک بڑے چیک پوائنٹ اور اسرائیلی یہودی بستی بیت ایل کے نزدیک جھڑپیں ہوئی ہیں۔ احتجاجی مظاہرے میں شریک فلسطینی نوجوانوں نے اسرائیلی فورسز کی جانب پتھراؤ کیا جبکہ فوجیوں نے اس کے جواب میں مظاہرین پر ربر کی گولیاں چلائی ہیں اور پانی پھینکا ہے۔اسرائیلی جیلوں میں قید سیکڑوں فلسطینیوں نے 17 اپریل سے بھوک ہڑتال کررکھی ہے۔