سرینگر//خزانہ ، محنت و روزگار کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے غذائی اجناس خریدنے کیلئے فنڈ س کی واگزاری سے متعلق معاملات زیر بحث لانے کے لئے میٹنگ کی صدارت کی۔غذائی اجناس حاصل کرنے کے بعد ریاست کے صارفین میں تقسیم کی جائے گی۔میٹنگ میں وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات اور امو رصارفین محمد اشرف میر ، پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین کمار چودھری ، سیکرٹری خوراک ، شہری رسدات اور امو رصارفین ڈاکٹر عبدالرشید ، ڈائریکٹر بجٹ خوراک ، شہری رسدات اور امو رصارفین، فائنانشل ایڈوائزر خوراک ، شہری رسدات اور امو رصارفین کے علاوہ محکمہ دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔میٹنگ میں غذائی اجناس بشمول چاول، گندم اور کھانڈ خرید نے کے لئے فنڈ س کو مختص رکھنے سے متعلق امور پر سیر حاصل بحث ہوئی۔وزیر موصوف نے فوڈ کارپوریشن آف انڈیا سے غذائی اجناس خریدنے کے لئے دستیاب رقومات کے مطابق غذائی اجناس حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں منصوبے کو دو دِن کے اندر مکمل کیا جانا چاہیئے تاکہ فنڈس کی واگزاری کے عمل کو آگے بڑھایا جاسکے۔ الطاف بخاری نے متعلقہ اہلکاروں کو ہدایت دی کہ متعلقہ کارپوریشن سے غذائی اجناس کی حصولیابی کے عمل میں سرعت لائی جانی چاہئیے تاکہ صارفین کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صارفین کو معیار ی غذائی اجناس فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے۔