سرینگر// جنوبی کشمیر کے لارکی پورہ میں جان بحق عسکری کمانڈر عیسیٰ فاضلی کے والد نے نوجوانوں کو زندہ رہ کر تعلیم حاصل کرنے پر زور دیااور واضح کیا کہ اس کا فرزند ’’داعش‘‘ کے ساتھ منسلک نہیں تھا۔ عیسیٰ فاضلی کے والد النعیم فاضلی نے گزشتہ روز انکے فرزند کے آخری سفر میں’آئی ایس آئی ایس‘کے پرچم لہرانے کو مایوسی اور احساسِ تنہائی کی علامت قرار دیا۔کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انکا فرزند داعش کے ساتھ وابستہ نہیںتھا۔پیشے سے محکمہ تعلیم میں مدرس عیسیٰ فاضلی کے والد کا کہنا تھا ’’ مجھے نہیں لگتا ہے کہ میرا بیٹا آئی ایس ای ایس کے ساتھ وابستہ تھا‘‘۔اس دوران نعیم فاضلی نے کچھ نوجوانوں کی کونسلنگ بھی کی،انہیں تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ انکے بیٹے عیسیٰ کے آخری سفر کے دوران کئی نوجوان چلا رہے تھے ،تاہم انہوں نے کہا کہ میں نے انہیں بعد میں سمجھایا کہ ایسا مت کرو،بلکہ تعلیم حاصل کرواور زندہ رہو۔