سرینگر//شہر خاص کے عید گاہ ، نور باغ اور دیگر علاقوںمیں لوگوں نے بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا ۔ شہر خاص کے نور باغ ، عید گاہ راجوری کدل اور دیگر علاقوں میں لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ پی ڈی ڈی شہر سرینگر میں مشتہر کیا گیا شیڈول لاگو کرنے میں ناکام رہا ہے۔ پریس کالونی میں احتجاجی دھرنے پر بیٹھے لوگ پی ڈی ڈی ہائے ہائے اور ریاستی سرکار ہائے ہائے کے نعرے بلند کررہے تھے۔عید گاہ کے ایک شہری غلام رسول نے بتایا کہ علاقے میں بجلی کے آنے اور جانے کا کوئی بھی شیڈول لاگو نہیں ہے اور محکمہ بجلی کے ملازمین اپنی مرضی کے حساب سے بجلی فراہم کرتی ہے۔ غلام رسول نے بتایا کہ بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے ان علاقوں میں رہنے والے بچوں کی تعلیم متاثر ہورہی ہے جبکہ صنعتوں کو بھی کافی نقصان پہنچتا ہے۔احتجاجیوںنے بتایا کہ اگر چہ محکمہ بجلی نے نومبر مہینے میں شیڈول جاری کیا ہے تاہم اس شیڈول پر کبھی کبھار ہی عمل ہوتا ہے۔احتجاجی لوگوں نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پائین شہر میں رہنے والے لوگوں کو بجلی فراہم کریں ، ورنہ لوگ احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے۔