سرینگر// تحریک حریت نے عید کے موقعہ پر مختلف علاقوں میں عوامی اجتماعات اور احجاجی جلسوںکے دوران موجودہ حالات کوانتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے یہاں کے برسرِ اقتدار سیاست دانوں کی مددسے عوام کا قافیہ حیات تنگ کردیا ہے۔موصولہ بیان کے مطابق تحریک حریت لیڈران بشیر احمد قریشی، محمد رفیق اویسی اور دیگر ذمہ داروں نے پانپور ، درگاہ حضرت بل اور دیگر علاقوں میںاحتجاجی جلسوں سے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ آزادی پسند قیادت کو مختلف بہانوں کے ذریعے عذاب وعتاب کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور جملہ آزادی پسند قیادت کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل کر اب بھارت اور اس کے مقامی حکمران جموں کشمیر کی ڈیموگرافی کو تبدیل کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آزادی پسند قیادت کو بدنام کرنے کے لیے نت نئے حربے آزمائے جارہے ہیں۔ مقررین نے وادی کے طول وعرض میںفورسز کی زیادتیوں، محاصروں، تلاشیوں اور گرفتاریوں کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے حربوں سے جذبہ¿ آزادی کو ختم نہیں کیا جاسکتا ہے۔اس دوران تحریک حریت نے عید کے موقع پر پُرامن احتجاجی جلسوں پر پولیس کی طرف سے ٹئیرگیس شیلنگ اور لاٹھی چارج کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے حربے ماضی میں بھی ناکام رہے اور آئندہ بھی ناکام رہیں گے۔تحریک حریت نے سوپور میں جاں بحق ہوئے دو عسکریت پسندوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان قربانیوں کو رائیگاں نہیںہونے دیا جائے گا ۔