سرینگر // عید پر تنخواہیں واگذار نہ ہونے کے خلاف محکمہ جنگلات کے کیجول لیبروں نے چیف کنزرویٹرآفس لالچوک کے باہراحتجاجی دھرنا دیا۔ یہ کیجول لیبر وادی کے مختلف علاقوں سے سرینگر پہنچے تھے ۔احتجاجی دھرنے پر بیٹھے کیجول لیبروں کا کہنا تھا وہ دن رات محکمہ میں محنت سے اپنا کام انجام دے رہے ہیں لیکن وقت پر انہیں تنخواہ نہیں دی جاتی جبکہ عید پر بھی وہ تنخواہ سے محروم ہیں جس سے نہ صرف وہ بلکہ اُن کے اہلخانہ سخت پریشانیوں میں مبتلا ہو گئے ہیں ۔انہوں نے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ عید سے قبل اُن کی رکی پڑی تنخواہوں کو واگزار کیا جائے تاکہ وہ بھی خوشی سے عید منا سکیں۔احتجاجی مظاہرین نے بتایا کہ ماضی میں ڈیلی ویجروں اور کیجول لیبروں کو کم ازکم عید کے موقع پر تنخواہیں واگزار کی جاتی تھیں تاہم اس سال ایسا نہیں ہوا۔ادھرسندھ فاریسٹ ڈویژن گاندربل میں تعینات 74 ملازمین جو کیمپا ہیڈ،وارڑ اینڈ واچر اور فائر واچر کی پانچ ماہ کی تنخواہ بقایا تھی عیدالاضحٰی کے موقع پر صرف ایک ماہ کی ہی تنخواہ واگزار کی گئی۔سندھ فاریسٹ ڈویڑن گاندربل میں تعینات مختلف اسکیموں کے تحت ملازمین کے وفد نے کشمیر عظمی کوبتایا کہ پانچ ماہ سے بقایا تنخواہوں کے بدلے میں صرف ایک ہی ماہ کی تنخواہ واگزار کی گئی جو کہ ایک ماہ کی 4500 تک بنتی تھی کے بدلے میں 3450ہی ادا کئے گئے جبکہ عیدالاضحٰی کے موقع پر تمام ملازمین کو امید تھی کہ پورے پانچ ماہ کی تنخواہ ادا کی جائے گئی۔ اس سلسلے میں جب کشمیر عظمی نے وزیر جنگلات سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ وہ اس بارے میں مکمل جانکاری حاصل کرنے کے بعد ہی کوئی بات کہہ سکتے ہیں ۔