عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کل حضرت بل درگاہ میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں ربیع الاوّل کے بابرکت مہینے میں منائے جانے والے عید میلاد النبی ؐکے سلسلے میں کئے جا رہے اِنتظامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے اِنتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ٹریفک مینجمنٹ اور عقیدت مندوں کی سہولیت کو اوّلین ترجیح قرار دیا۔اُنہوں نے پارکنگ کے مناسب اِنتظامات ، متعین ٹریفک روٹس کی پابندی، شٹل خدمات کی فراہمی اور عقیدت مندوں سے زائد کرایہ وصول کرنے سے روکنے کے لئے کرایہ کے سخت ضابطے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا،’’لوگوں کودرگاہ حضرت بل تک پہنچنے میں کوئی دقت نہیں ہونی چاہیے۔ ٹرانسپورٹ کا اِنتظام، آرام دہ، باقاعدہ اور آسانی سے دستیاب ہونا چاہیے۔‘‘عمر عبداللہ نے حفاظتی اِنتظامات کے حوالے سے مرد و خواتین پولیس اہلکاروں کی نمایاں موجودگی کو یقینی بنانے پر زور دیا تاکہ لوگوں میں تحفظ کا احساس پیدا ہو اور کسی ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے۔ اُنہوں نے حساس علاقوں میں خواتین پولیس کی معقول تعیناتی کی ہدایت بھی دی۔اُنہوں نے محکمہ بجلی کو ہدایت دی کہ عید میلاد کے موقعہ پر بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے جنریٹروں کو تیار رکھا جانا چاہیے۔وزیرا علیٰ نے صفائی ستھرائی کے حوالے سے بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ نئے موبائل ٹوائلٹ یونٹوں کا استعمال کیا جائے، صفائی عملے کی مستقل تعیناتی کو یقینی بنایا جائے اور درگاہ کے ارد گرد صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔اُنہوں نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ڈِی واٹرنگ پمپوں، ایمبولینس، فائر ٹینڈرز، ہیلتھ کلینک اور سینڈ بائی ہسپتالوں کو ہمہ وقت تیار رکھنے کی ہدایت دی۔عمر عبداللہ نے یہ بھی ہدایت دی کہ صرف حضرت بل ہی نہیں بلکہ شہر کے دیگر اہم زیارت گاہیں جیسے جناب صاحب صورہ، آثار شریف کلاشپورہ اور دیگراہم مذہبی مقامات پر بھی یکساں اِنتظامات کئے جائیں تاکہ تمام عقیدت مندوں کو یکسان سہولیات اور حفاظتی اقدامات میسر ہوں۔اُنہوں نے پینے کے صاف پانی کی وافر فراہمی کو یقینی بنانے اور پبلک ٹرانسپورٹ کی مناسب دستیابی پر بھی زور دیا۔ اِس کے علاوہ فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کو کھانے پینے کی اشیأ کے معیار اور حفظانِ صحت کو برقرار رکھنے کے لئے باقاعدہ چیکنگ کرنے کی ہدایت دی گئی۔