سرینگر// وادی کشمیر میں عیدالاضحی کی خوشیاں اپنے اہل خانہ کے ساتھ منانے والے جموں وکشمیر پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے اہلکاروں کو اضافی احتیاط برتنے کے لئے کہا گیا ہے۔ تاہم سیکورٹی ذرائع نے بتایا ’کوئی نئی ایڈوائزری جاری نہیں کی گئی ہے۔ گذشتہ ایک برس کے دوران چھٹی پر گھر آنے والے کئی فوجی، ریاستی پولیس اور سی آر پی ایف کے نوجوانوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ اسی تناظر میں سیکورٹی اہلکاروں کو چھٹی پر گھر آنے کے بعد اضافی احتیاط برتنے کے لئے کہا جارہا ہے‘۔ وادی میں اگست کے دوران مختلف جنگجو مخالف آپریشنوں اور سیکورٹی فورسز پر حملوں کے دوران کم از کم 48 افراد بشمول 26 جنگجو، 15 سیکورٹی فورس اہلکار اور 7 عام شہری جاں بحق ہوئے۔ کشمیر زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس منیر احمد خان نے کہا ’پلوامہ فدائین حملے کے بعد ہم نے اپنے افسروں اور جوانوں سے محتاط رہنے کے لئے کہا ہے‘۔ انہوں نے کہا ’پولیس اہلکاروں کو بلٹ پروف جیکٹ اور گاڑیاں فراہم کرنے پر میری ذمہ داری ختم نہیں ہوتی۔ میرا کام اپنے اہلکاروں کو ایسی جگہوں پر جانے سے بھی روکنا ہے جہاں اُن کی جانوں کو خطرہ لاحق ہے‘۔