بلال فرقانی
سرینگر// جموں کشمیر سمیت بر صغیر ہندو پاک اور متعدد یورپی ممالک میں آج عید الفطر کی تقریب منائی جارہی ہے۔ جموں وکشمیرمیں نماز عید کاسب سے بڑا اجتماع آثار شریف حضرتبل اور مرکزی جامع مسجد سرینگرمیں منعقد ہوگا۔تاریخی جامع مسجدمیں 3سال کے بعدنماز عیدکا اجتماع متوقع ہے۔ وادی کے دیگر علاقوں میں معمول کے مطابق نماز عید کے اجتماعات کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
آج برصغیرہندوپاک میں ایکساتھ عیدالفطرکی تقریب منائی جارہی ہے۔جمعرات کی شام برصغیر میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا تھا، جس کے بعد عید الفطر 22اپریل بروز سنیچر ہونے کا اعلان کیا گیا۔خیال رہے سعودی عرب سمیت کئی خلیجی ممالک میںجمعہ کو ہی عیدالفطرمنائی گئی۔برطانیہ، امریکہ، آسٹریلیا، جرمنی، اسپین، کنیڈا اور دیگر یورپی ممالک میں بھی آج ہی عید منائی جارہی ہے۔وادی اور جموںکے سبھی 20اضلاع میں نمازعیدکے عظیم الشان اجتماعات ہورہے ہیں۔ جموں شہر کے اکثریتی علاقوں کے علاوہ راجوری ، پونچھ ، ڈوڈہ ، بھدرواہ، کشتواڑ،بانہال اور رام بن اور کرگل میں بھی عید نماز کے اجتماعات کا انعقاد ہو گا ۔وادی کے دوسرے بڑے شہروں اور قصبوں میں بھی عید جوش و جذبے کیساتھ منائی جارہی ہے۔مساجد و خانقاہوں میں بڑے بڑے اجتماعات ہورہے ہیں اور عالم انسانیت ،امن ترقی وخوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیگی۔