عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ/راجوری//عید الفطر کی آمد کے پیش نظر خطہ پیر پنچال میں خصوصی تیاریاں کی گئی ہیں۔ مساجد کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا ہے، جبکہ بازاروں میں عید کی خریداری کے لئے لوگوں کا بھاری ہجوم دیکھا جا رہا ہے۔ماہ رمضان کے آخری ایام میں جہاں لوگ عبادات میں مصروف ہیں، وہیں عید الفطر کے استقبال کے لئے خصوصی تیاریاں بھی جاری ہیں۔ پیر پنچال کے مختلف اضلاع، قصبوں اور دیہاتوں میں مساجد کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، روشنیوں اور جھنڈیوں سے انہیں دلکش منظر دیا گیا ہے، جبکہ اندرونی حصوں میں صفائی اور تزئین و آرائش کا بھی خاص خیال رکھا جا رہا ہے۔عید کے موقع پر جامع مسجد پونچھ، جامع مسجد راجوری، منڈی، تھنہ منڈی، مینڈھر، سرنکوٹ اور دیگر علاقوں میں خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ امام حضرات اور علمائے کرام کی جانب سے نمازیوں کو عبادات میں مزید خلوص اور محنت کے ساتھ گزارنے کی تلقین کی جا رہی ہے۔اسی طرح پونچھ، منڈی، مینڈھر اور تھنہ منڈی کی مساجد میں بھی عید کے لئے صفائی ستھرائی اور دیگر ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔عید سے قبل پیر پنچال کے تمام چھوٹے بڑے بازاروں میں لوگوں کی بڑی تعداد خریداری میں مصروف نظر آ رہی ہے۔ خاص طور پر راجوری، پونچھ، مینڈھر، تھنہ منڈی، منڈی اور سرنکوٹ کے بازاروں میں رش اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے۔کپڑوں، جوتوں، چوڑیوں، مہندی، مٹھائیوں اور دیگر اشیاء کی خریداری میں زبردست اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ خواتین اور بچوں میں نئے ملبوسات، زیورات اور مہندی کے حوالے سے خاص جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔تاجروں کا کہنا ہے کہ رمضان کے آخری دنوں میں عید کی خریداری کے باعث کاروبار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ پونچھ بازار کے ایک دکاندار کا کہنا تھا کہ ’پچھلے کچھ دنوں میں رش کافی بڑھ گیا ہے، خاص طور پر کپڑوں اور جوتوں کی دکانوں پر زیادہ گاہک آ رہے ہیں‘۔اسی طرح راجوری کے ایک تاجر نے بتایا کہ ’عید کے قریب آتے ہی کاروبار میں تیزی آ جاتی ہے، لوگ خاص طور پر بچوں کے کپڑوں اور جوتوں کی خریداری میں زیادہ دلچسپی دکھا رہے ہیں‘۔عید کی خریداری کے باعث بازاروں میں ٹریفک کے زیادہ دباؤ کی وجہ سے پولیس اور ٹریفک حکام نے بھی سیکورٹی اور ٹریفک کنٹرول کیلئے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔پونچھ اور راجوری پولیس کے اعلیٰ افسران کا کہنا ہے کہ عید کے موقع پر امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے مختلف مقامات پر پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔عید کی تیاریوں کے ساتھ ساتھ لوگ صدقہ و خیرات میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ مستحقین میں راشن اور کپڑوں کی تقسیم کی جا رہی ہے تاکہ سب لوگ خوشی کے اس موقع پر عید کی مسرتوں میں شریک ہو سکیں۔