سرینگر//تحریک المجاہدین ،جامع مسجد سرینگر کے امام حی،اتحاد المسلمین،انجمن شرعی شیعیان،تحریک مزاحمت، جمعیت ہمدانیہ،ووئس آف وکٹمز،ماس مومنٹ، ینگ مینز لیگ ، ڈیموکریٹک لبریشن پارٹی اورتحریک کشمیر نے عید الاضحی کی آمد پر عالم اسلام سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو دل کی عمیق گہرائیوں کے ساتھ عید کی مبارکباد پیش کی ہے۔متحدہ جہاد کونسل کے سکریٹری جنرل اور تحریک المجاہدین کے امیر شیخ جمیل الرحمان نے جموں و کشمیر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ عید انتہائی سادگی سے منائیں ۔موصولہ بیان میں انہوں نے کہا کہ متاثرین خاص طور پرمظالم کا شکار متاثرین کا خیال رکھناقومی ذمہ داری ہے۔ جامع مسجد سرینگر کے امام حی سید احمد سعید نقشبندی نے عیدمبارک پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ’ ہمیں آج کے دن وطن عزیز کے انتہائی سنگین اور پر آشوب حالات کا احساس کرنا چاہئے اور ان عظیم اور تاریخی جانی و مالی قربانیوں کو ہرگز نظروں سے اوجھل نہیںہونے دیناچاہئے جو ہمارے ہزاروں بزرگوں،عزیزوں اور پردہ نشین مائوں اور بہنوں نے پیش کی ہیں اور آج بھی کر رہے ہیں‘۔اتحاد المسلمین کے سرپرست اعلیٰ مولانا محمد عباس انصاری نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ یہ عید ہر لحاظ سے خوشحالی اور امن و سلامتی کا پیغام لیکر آئے۔ انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے دنیائے اسلام کی امن و سلامتی کیلئے دعا کی ہے۔ تحریک مزاحمت کے سربراہ بلال صدیقی نے کہا ہے کہ اس موقعہ پر ہمیں متاثرین کی ہر ممکن طریقے سے معاونت کرنی چاہئے ۔جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولوی ریاض احمد ہمدانی نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے اہل اسلام سے عید سادگی سے منانے کی اپیل کی ہے۔ ووئس آف وکٹمز کے کوارڈی نیٹر عبدالرئوف خان نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’عید سعید کے مبارک موقعہ پر ہمیں اُن لوگوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کرلینا چاہئے جن کی خوشیاں رواں جدوجہد کے دوران چھین لی گئی ہیں‘۔ ماس مومنٹ سربراہ فریدہ بہن جی نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ ماتم کی فضاء میں شادیانے منانے سے گریز کیاجاناچاہئے۔ینگ مینز لیگ کے چیئرمین امتیاز احمد ریشی ،ڈیمو کریٹک لبریشن پارٹی کے چیئرمین ہاشم قریشی نے اپیل کی ہے کہ عید سادگی سے منائیں۔ تحریک کشمیر کے صدر جنرل محمد موسیٰ نے مبارکبادپیش کرتے ہوئے قربانیوں کے حوالے سے تجدید عہد کرنے کی اپیل کی ۔
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال ،عوامی نیشنل کانفرنس کی صدر بیگم خالدہ شاہ اورسینئر نائب صدر مظفر شاہ نے عیدالاضحی کے مقدس موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی خوشیوں میں مستحق افراد کو بھی شریک رکھنا عید کا درس ہے۔