سرینگر//ترقیاتی کمشنرسرینگر سید عابد رشید شاہ کی صدارت میں منعقدہ آفیسران کی ایک میٹنگ میں عید الاضحی کی تقریب کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنروں،جوائنٹ کمشنر ایس ایم سی،ڈپٹی ڈائریکٹر خوراک ،رسدات وامور صارفین ،اے آر ٹی او کشمیر،جوائنٹ کنٹرولر لیگل میٹرالوجی ، تحصیلداروں، چیف میڈیکل آفیسر اور اے ایس پی ٹریفک کے علاوہ فوڈ سیفٹی آفیسر،زونل آفیسر وقف بورڈ اوردیگر متعلقہ محکموں کے آفیسران نے شرکت کی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ عیدگاہ سرینگرمیں گھاس کاٹنے والی 20مشینوںکو کام پر لگایا جائے گا اورعید سے دوروز قبل ہی عیدگاہ کو اجتماع کیلئے تیار رکھاجائے گا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ضلع سرینگر میں عید الاضحی کی نماز کے لئے 16جگہوں پر بڑے بڑے اجتماعات ہوں گے۔ترقیاتی کمشنر نے محکمہ صحت عامہ کے آفیسران کو ہدایت دی کہ ضرورت پڑنے پر پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے واٹر ٹینکروں کا استعمال کیا جائے۔انہوںنے عیدگاہ سرینگر،حضرتبل اور دیگر مذہبی مقامات پر صفائی ستھرائی کے لئے میونسپل حکام کو مزید متحرک ہونے کی ہدایت دی۔ترقیاتی کمشنر نے مارکیٹ چیکنگ سکارڈوں کو مارکیٹ چیکنگ میںمزید تیزی لانے اور پولٹری ،گوشت اوردیگر اشیأ کی مقررہ داموں میں فروخت کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔