سرینگر//عیدگاہ سرینگر کے بیشتر علاقوں میں پچھلے بیس روز سے پینے کے صاف پانی کی قلت سے ہزاروں افراد پر مشتمل آبادی مشکلات سے دوچار ہیں ۔عید گاہ ،عالی مسجد، ابوبکر کالونی، حمزہ کالونی، شاہ فیصل کالونی، فردوس کالونی،اقبال کالونی،شالیمار کالونی ،سعید پورہ اور اچھن علاقوں میں پینے کے پانی کی سپلائی بری طرح سے متاثر ہے۔ مقامی آبادی کے مطابق رات کو گھر کے ایک فرد کو پانی جمع حاصل کرنے کے کام پر معمور کیا جاتا ہے کیونکہ دوران شب نلکوں سے پانی کی چھوٹی سی دھار نظرآتی ہے جسے برتنوں میں جمع کرکے دن کو استعمال کیا جاتا ہے۔منظور احمد نامی ایک شہری نے بتایا کہ پچھلے بیس روز سے جاری مسلسل پانی کی قلت نے درجنوں علاقوں کی آبادی کو مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔کچھ عرصہ قبل ان علاقوں میں پانی کی فراہمی چوبیس گھنٹوں میسر رہتی تھی لیکن اب دوران شب گھر کے صحن میں موجود نلکوں سے پانی بوند بوند کی طرح آتا ہے جسے رات بھر جمع کرنے پر مجبور کردیا گیاہے۔اگرچہ جل شکتی محکمہ کو کئی بار پانی کی قلت سے آگاہ کیا گیالیکن کوئی کارروائی نہیں ک جارہی ہے ۔انہوں نے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ۔