محمد تسکین
بانہال// عید کی خریداری کے سلسلے میں ہفتے کے روز قصبہ بانہال میں بھاری رش تھا اور ہزاروں لوگوںکی بھیڑ امڈ آئی تھی۔ لوگوں نے گوشت ، مرغ ، بیکری ، سبزی، پھل اور ملبوسات کی جم کر خریداری کی ۔ ریل کے ذریعے سنگلدان ، گول ، سمبڑ ، ورنال اور کھڑی سے سینکڑوں لوگ خریداری کیلئے بانہال پہنچے تھے۔اس کے علاوہ بانہال ، رامسو مکرکوٹ ، اُکڑال پوگل پرستان، نیل ، چملواس ، چاپناڑی ، امکوٹ، مہو منگت سے لوگوں کی بھاری تعداد بانہال میں خریداری کیلئے پہنچی ہوئی تھی۔لوگوں کے بھاری رش کے بیچ جموں سرینگر قومی شاہراہ کے ایک طرفہ ٹریفک کو بانہال بائی پاس کی ایک ٹیوب کی مرمت کے پیش نظر پر قصبہ بانہال سے چھوڑا جا رہا ہے۔ سرینگر سے جموں جانے والے ٹریفک کو قصبہ بانہال سے موڑنے کی وجہ سے قصبہ بانہال پچھلے قریب دس روز سے ٹریفک جام کے نرغے میں رہتا ہے ۔اس دوران ایس ڈی پی او بانہال منجیت سنگھ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کل سے بانہال بائی پاس سے دونوں طرف کے ٹریفک کو چلایا جائیگا اور قصبہ بانہال میں شاہراہ کے یکطرفہ ٹریفک کو تب تک بند رکھا جائیگا جب تک بانہال بائی پاس کی دوسری ٹیوب کا کچھ کام شروع نہیں کیاجاتا ہے۔