سرینگر// برصغیر کے بیشتر حصوں کیساتھ ساتھ وادی میں بھی آج عیدالفطر کی تقریب سعید عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے۔اس سلسلہ میں وادی کی تمام مسجدوں، خانقاہوں، عید گاہوں اورزیارت گاہوں میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہو رہے ہیں۔ عید الفطر کی آمد پر وادی کے بازاروں میں پچھلے کئی دنوں سے حسب روایت کروڑوں روپے کی خرید و فروخت ہوئی اور کل بھی بازاروں میں خریداروں کے بھاری رش کی وجہ سے تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی۔ سعوی عرب، متحدہ عرب امارات، خلیجی ممالک، انڈونیشیا، کیرلہ ، کرگل اور بنگلہ دیش میں شوال کا چاند نظر آنے کے بعد جمعہ کو عید منائی گئی۔ برصغیر میں عیدالفطر کی تقریبات16 جون کو تزک و احتشام کے ساتھ منائی جارہی ہیں۔ عید الفطر کے سلسلے میں سب سے بڑی تقریب سرینگر کے تاریخی عید گاہ میں منعقد کرنے کا پروگرام بنایاگیاہے جس کیلئے پہلے ہی تیاریاں کی گئی ہیں۔ آثار شریف درگاہ حضرت بل میں عید نماز کا سب سے بڑا اجتماع منعقد ہوگا جہاںہزاروں عقیدتمندعید نماز میں شامل ہو کر اللہ کی راہ میں سربسجود ہو نگے۔ اننت ناگ، پلوامہ،بارہمولہ، کپوارہ، ہندوارہ، سوپور، پٹن، سونا واری، بانڈی پورہ، گاندربل، بڈگام، چرار شریف، بجبہاڑہ، شوپیان،بیروہ،ترال،پانپور،کولگام اوروادی کے دیگر قصبہ جات اورعلاقوںمیں بھی نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہو رہے ہیں جن میں علماء کرام اور ائمہ مساجد عید الفطر کے سلسلے میں وعظ و تبلیغ فرمائیں گے اور فلسفہ عید پر روشنی ڈالیں گے۔ عید الفطر کی تقریب کو امن امان اور بلا خلل منانے کیلئے حکومت نے تمام تیاری مکمل کر لی ہے، محکمہ ٹریفک نے لوگوں کو عید گاہوں اور دوسرے مقامات پر لوگوں کوآنے جانے کیلئے ٹرانسپورٹ کا بھی خصوصی انتظام کر رکھا ہے۔ انتظامیہ کی طرف سے پینے کا پانی اور بجلی کا بھی معقول انتظام کر لیا گیا ہے جبکہ عید کی تقریب منانے کے سلسلے میں سخت حفاظتی بندوبست کر لیا گیا ہے۔